وفاقی وزیر خزانہ کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی لیٹر 35روپے تک اضافے کو مسترد کرتے ہیں ، پشتونخواملی عوامی پارٹی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں وفاقی وزیر خزانہ کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی لیٹر 35روپے تک اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اسے عوام دشمنی پر مبنی اقدام قرار دیتے ہوئے اسے ملک میں بدترین مہنگائی، بیروزگاری کا سبب گردانتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ہوگا بلکہ ہر اشیاء خوردونوش اور اشیاء ضروریات کی قیمتیں بڑھے گی اور ملک میں مہنگائی کی شرح میں ناقابل بیان اضافہ ہوگا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈالر کی اڑان اور روپے کی قدر میں کمی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے، 2018کے عام انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے نااہل ناکام ناتجربہ کار لوگوں کے ٹولے کو ملک کے 22کروڑ عوام پر مسلط کیا گیا اور سیاست انتخابات میں مسلسل مداخلت، پارلیمنٹ کو بے توقیر بنانے، آئین کی بالادستی سے انکار، آئین میں ملکی اداروں کے تعین کردہ دائرہ کار واختیار سے تجاوز کرنے کے باعث ملک اپنی تاریخ کے بدترین حالات سے گزر رہا ہے اور ملک عالمی تنہائی کا شکار ہوچکا ہے۔سخت ترین مہنگائی، بدترین بیروزگار ی نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکی بحرانوں سے نجات کیلئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے 26نکاتی اعلامیہ پر فی الفور عملدرآمد ناگزیر ہے،بروقت عملدرآمد نہ ہونے ملک مزید بحرانوں میں مبتلا ہوگااور کروڑوں غریب عوام سخت ترین مہنگائی، بیروزگاری سے دوچار ہونگے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافوں کو واپس لیکر عوام کو انسانی زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی اور اس میں ریلیف دینے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے