بلوچستان کے تمام شاہراہوں پرتیزرفتاری میں ملوث کوچ ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ، میرچنگیز جمالی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی، صوبائی جنرل سیکرٹری لالا روزی خان کاکڑ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی و دیگر صوبائی کابینہ کے اراکین نے لسبیلہ میں مسافر کوچ کو پیش آنے والے المناک حادثے میں ہونے والے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی بلوچستان، چیف سیکرٹری، محکمہ ٹرانسپورٹ اور دیگر متعلقہ حکام سڑکوں کی زبوں حالی کا نوٹس لیں، گاڑیوں کی بروقت چیکنگ، ڈرائیورز کی ٹریننگ، لائسنس کی ازسرنو تجدید کرنے کے ساتھ بلوچستان کے تمام شاہراہوں پر تیز رفتاری میں ملوث کوچ ڈرائیوروں اورانکے مالکان کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں اور آئندہ اس قسم کے حادثات کی روک تھام اور تیز رفتاری کو روکنے کیلئے قومی شاہراہوں پر ہائی وے پولیس کو تعینات کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ پر حادثات روز کا معمول بن چکے ہیں جس میں ابتک سینکڑوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں حکومت اور دیگرادارے حادثات کی روک تھام میں اپنا کردارادا کریں۔ انہوں نے مسافر کوچ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان غم اور دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہیں۔انہوں نے ادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت زخمیوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے