عمران خان کے ساتھ جو ہوگا مکافات عمل ہوگا، زندگی اب روتے ہوئے گزرے گی،مریم نواز
لاہور(ڈیلی گرین گوادر) مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ جو ہوگا مکافات عمل ہوگا، زندگی اب روتے ہوئے گزرے گی۔لندن سے براستہ ابوظبی لاہور پہنچنے پر عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے شرکا کو اپنی اور پارٹی قائد نواز شریف کی جانب سے سلام کرنے کے بعد اعلان کیا کہ آپ کا اور میرا محبوب قائد جلد واپس آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ تین بار نکالے جانے کے باوجود آج بھی نواز شریف ملک کا سب سے بڑا لیڈر ہے، جو آپ کی محبت میں جلد واپس آ رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ 28 جولائی پاکستان کا بہت بڑا سانحہ تھا۔ آپ نے 3 مرتبہ نواز شریف کو حکومت دی،انہوں نے 3 بار نواز شریف کو نکالا۔ ان لوگوں نے نواز شریف کو بار بار نکالا لیکن وہ نواز شریف ہی تھا جس نے 3 بار پاکستان کو مشکلات سے نکالا۔ انہوں نے سیاسی مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم اللہ کے حساب کا نشانہ بنے ہو۔ ہم ان شا اللہ پاکستان کی معیشت کو مشکلات سے نکالیں گے۔ ترقی کرتا ہوا پاکستان جلد واپس آئے گا۔