بلوچستان میں پھر سے بارش اور برفباری، سیاحوں نے کوئٹہ اور زیارت کا رخ کرلیا
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان میں بارشوں اور برفباری کا دوسرا اسپیل شروع ہو گیا جس نے جہاں موسم کو دلفریب بنادیا ہے وہیں مشکلات بھی بڑھادی ہیں۔کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان میں برفباری اور بارش کا دوسرا اسپیل شروع ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، مستونگ اور چمن میں ایک ایک ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ صوبائی دارالحکومت سمیت مستونگ، قلات، مسلم باغ اور کان مہترزئی میں پہاڑوں پر برف بھی پڑی۔شمالی بلوچستان میں برفباری اور موسم کا لطف اٹھانے کے لیے کراچی سمیت سندھ بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد زیارت اور کوئٹہ میں موجود ہے۔برفباری کے بعد این ایچ اے اور پی ڈی ایم اے کی ٹیمیں متحرک ہیں۔ کوئٹہ لک پاس مستونگ کان مہترزئی سے برف کی صفائی جاری ہے اور کئی علاقوں میں قومی شاہراہیں کلیئر ٹریفک بحال کر دی۔دوسری جانب شدید سردی نے مقامی افراد کی مشکلات بھی بڑھا دی ہیں، گیس ناپید ہونے کی وجہ سے عوام کا انحصار لکڑیوں اور کوئلے پر بڑھ گیا ہے۔ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والی حالیہ بارشوں اور برفباری سے زیر زمین قابل استعمال پانی کی سطح بڑھے گی، اس کے علاوہ جہاں پھلوں کے باغات پر مثبت اثرات پڑیں گے وہیں سردی کی حالیہ لہر کا دورانیہ مزید بڑھ گیا ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، ژوب، بارکھان، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ،چمن، پشین، پنجگور، تربت، خضدار، قلات اور مکران میں ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ اتوار 29 جنوری تک جاری رہے گا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، خطہ پوٹھو ہار، شمال مشرقی پنجاب، شمالی بلوچستان، خیبر پختونخواہ، کشمیراور گلگت بلتستان میں آج 28 جنوری سے پیر 30جنوری تک بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری رہے گا جب کہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔