وفاقی حکومت بلوچستان کے مالی مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی،چیئرمین سینٹ
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین سینیٹ میر صادق سنجرانی سے صوبائی وزیر خزانہ و خوراک انجینئر زمرک خان اچکزئی نے گزشتہ روز اہم ملاقات کی صوبائی سیکریٹری خزانہ کمبر دشتی بھی اس موقع پر موجود تھے ملاقات میں بلوچستان کو درپیش مالی مسائل اور صوبے کے مالیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور وفاقی حکومت کے ذمہ صوبائی حکومت کے واجبات کے بقایاجات سے متعلق بات چیت کی گئی چیئرمین سینیٹ نے صوبائی وزیر کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے مالی مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی اور وفاقی حکومت سے بلوچستان کو درپیش مالی مسائل اور واجبات کے بقایاجات کے بارے میں بات چیت کی جائیگی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کا کے صوبے کے واجبات کے بقایاجات کی ادائیگی کے لئے وزیراعظم پاکستان شہباز سے ملاقات بھی کی جائیگی جس میں بلوچستان کے مالی مسائل کے حل کے لئے دو ٹوک موقف اختیار کیا جائے گا اور بلوچستان کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک و خزانہ انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان حکومت وفاقی حکومت سے اپنے حقوق کے حصول کے لئے بات چیت کرے گی اگر وفاق نے فوری طورپر بلوچستان کو مالی معاونت فراہم نہیں کی تو صوبے کے عوام کے احساس محرومی میں مزید اضافہ ہوگااور جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام رک جائے گا انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے کے ذمہ واجبات کی فوری ادائیگی کرے تاکہ صوبے کے مالی بحران کا خاتمہ ہو سکے۔