مائنس عمران خان فارمولا کامیاب نہیں ہو سکتا،صدر مملکت
لاہور(ڈیلی گرین گوادر) صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ مائنس عمران خان فارمولا کامیاب نہیں ہو سکتا۔گورنر ہاؤس لاہور میں سینیئر صحافیوں سے گفتگو کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت سے الیکشن اور معیشت پر مذاکرات کیلئے تیار ہے، اگرعمران خان ون آن ون مذاکرات نہیں کرنا چاہتے تو دوسرے، تیسرے درجے کی لیڈر شپ مذاکرات کرسکتی ہے۔
عارف علوی نے کہا کہ عمران خان کو خدشہ ہے کہ حکومت الیکشن کرانے میں سنجیدہ نہیں، الیکشن کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کو مل بیٹھنا چاییے۔صدر مملکت نے کہا کہ حکومت کو کئی مرتبہ اپوزیشن سے مذاکرات کی دعوت دی لیکن حکومت نے ڈیڑھ ماہ سے کوئی جواب نہیں دیا، مذاکرات کے حوالے سے حکومت کی جانب سے مکمل خاموشی ہے۔مائنس عمران خان فارمولے کے حوالے سے صدر مملکت نے کہا کہ مائنس عمران خان فارمولا کامیاب نہیں ہو سکتا، عمران خان کی گرفتاری یا مائنس ون فارمولے پر سخت عوامی رد عمل سامنے آئے گا۔
فواد چوہدری کی گرفتاری سے متعلق ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ فواد چوہدری کے ساتھ جو سلوک کیا گیا اس پر شرمندگی ہوئی، پی ٹی آئی کی طرف سے فواد چوہدری کی گرفتاری سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔معاشی حالات پر صدر مملکت نے کہا کہ ملک ڈیفالٹ نہیں ہو رہا، آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیاب ہوں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری کے حوالے سے داکٹر عارف علوی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے حوالے سے آئینی طریقہ اپنایا گیا، آئینی طریقے سے نہیں جانچا جا سکتا کہ نگران وزیر اعلیٰ جانبدار ہے یا غیر جانبدار۔