کراچی،سمندر کے راستے 20 ارب روپے کی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام
کراچی(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی اور کسٹمز حکام نے سمندر کے راستے 20 ارب روپے کی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا تے ہوئے کہا ہے کہ پکڑی گئی منشیات میں 586 کلو آئس جب کہ 800 کلو سے زائد ہیروئن شامل، پاکستانی سمندروں کو غیر قانونی سرگرمیوں کیلئے استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی اور کسٹمز حکام نے سمندر میں رواں سال اب تک کے سب سے بڑے انسداد منشیات اسمگلنگ آپریشن کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے ڈپٹی ڈی جی کموڈور عامر اور ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز علی رضا بھی موجود تھے۔ پریس کانفرنس کے دوران بتایا گیا کہ میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی اور کسٹمز انفورسمٹ کراچی نے گوادر کے قریب کھلے سمندر میں کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں منشیات پکڑی گئی ہے۔ جس میں 586 کلو آئس جب کہ 800 کلو سے زائد ہیروئن شامل ہے۔ اس کے علاوہ 12 ملزمان بھی گرفتار کئے گئے ہیں۔ جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔ حکام کے مطابق پکڑی گئی منشیات کی عالمی منڈی میں مالیت تقریبا 20 ارب روپے ہے۔
کسٹمز حکام نے بتایا کہ کھلے سمندر میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کی جانے والی حالیہ کارروائی میں برآمد ہونے والی منشیات گزشتہ 7 کارروائیوں کے برابر ہے۔حکام نے عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی سمندروں کو غیر قانونی سرگرمیوں کیلئے استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں بھی اسی نوعیت کی ایک کاروائی کے دوران 420 کلو آئس برآمد کی گئی تھی۔