بلوچستان ہمیشہ سے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا اہم کردارادا کرتارہا ہے،نواز شریف

لندن(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد وسابق وزیراعظم میاں محمدنوازشریف نے کہاہے کہ بلوچستان ہمیشہ سے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا اہم کردارادا کرتارہا ہے پارٹی کو یہاں کے مسائل کا بخوبی ادراک ہے جس کے حل کیلئے ترجیحی اقدامات اٹھانے کی پالیسیاں مرتب کی جارہی ہے اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ اہل بلوچستان نے پارٹی کا پرچم ہمیشہ سربلند رکھا ہمارے اور بلوچستان کے رابطے اتنے مضبوط ہیں کہ سیاسی اختلافات پیدا کرنے والے انہیں نہیں توڑ سکتے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ملاقات کیلئے آنے والے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماء سابق صوبائی وزیر شیخ جعفرخان مندوخیل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ،سینیٹرافنان اللہ ودیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کو جن مسائل کا سامناہے اس کے حل کیلئے گزشتہ حکومت نے جس غیر سنجیدگی کامظاہرہ کیا وہ ان کاناقابل تلافی گناہ ہے ہم سمجھتے ہیں کہ بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ پالیسیوں اور حقیقی قیادت کی ضرورت ہے مگر افسوس کہ ماضی میں تبدیلی کے نعرے لگانے والوں نے اپنے مفادات کوتقویت بخشتے ہوئے بلوچستان کے اہم مسائل کو پس پشت ڈال دیا جس کی بنیاد پر آج وہاں مشکلات کے انبھار لگے ہیں تاہم پاکستان مسلم لیگ(ن) ہمیشہ سے بلوچستان کے مسائل کاادراک رکھتی ہے بلکہ اس کے حل کیلئے مثبت وموثر پالیسیاں مرتب کی ہوئی ہے ہماری خواہش ہے کہ اہل بلوچستان کو ملک کے دیگر عوام کی طرح سہولیات فراہم کرکے یہاں نظام تعلیم،صحت اوردیگر عوامی شعبہ جات کو بہتری کی جانب لایاجائے،انہوں نے کہاکہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہماری ہر آواز پر اہل بلوچستان نے لبیک کہاہے اور ہمیشہ سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پلیٹ فارم پر جدوجہد میں بلوچستان کی عوام نے ہر اول دستے کاکرداراداکیاہے میں اور ہماری جماعت بلوچستان کی عوام کی بے شمارقربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ان کی طرز زندگی کی بہتری کیلئے مسلم لیگ(ن) ماضی کی طرح کبھی بھی مصلحت کاشکار ہوکراقدامات سے پیچھے نہیں ہٹے گی بلوچستان کی عوام سے اپیل ہے کہ وہ مسلم لیگ(ن) پر اپنے یقین کومزیدمستحکم کریں تاکہ ہم سب مل کر مشکلات کے ازالے کیلئے جاری جدوجہد کو منزل تک پہنچاسکے،اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماء شیخ جعفرخان مندوخیل نے کہاکہ بلوچستان میں پارٹی مزید مستحکم ومنظم ہورہی ہے لوگ جوق درجوق پارٹی پلیٹ فارم پر یکجاہورہے ہیں بلوچستان کی عوام کو مکمل یقین ہیں کہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت ان کے مسائل کے حل کو نہ صرف سنجیدگی سے لیتی ہے بلکہ اس کے حل کیلئے بھی ترجیحی اقدامات اٹھانے پر یقین رکھتی ہے انہوں نے بتایاکہ صوبے کے بڑے سیاسی نام پارٹی کے ساتھ جڑنے کے منتظر ہیں اور جلد ہی بلوچستان مسلم لیگ(ن) کامضبوط قلعہ بن کر سامنے آئے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے