قول اورعمل میں ہم آہنگی ہی معاشرہ پر واضح کرے گی اسلام اور مسلمان کی کیا شان ہے ، مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق نے جامعہ احیاء العلوم ہدہ اور جامعہ عربیہ مدینہ العلوم چشمہ روڈ کوئٹہ کے سالانہ جلسہ دستارفضیلت کے موقع پر سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا و آخرت کو کامیاب و کامران بنانے کیلئے ہمیں سیرت طیبہ کے سانچے میں ڈھلنا ہوگا، حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت پر عمل ترک کرنے سے آج مسلمان دوسروں کی نقالی کرکے غلام بن گیا ہے، سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم انسانوں سے تعلق کے تقاضوں کی تکمیل اور ایک مثالی معاشرہ کی تعمیر کا کام ہم سے قول وعمل میں مکمل یکسانیت چاہتی ہے۔ قول اور عمل میں ہم آہنگی ہی معاشرہ پر واضح کرے گی اسلام اور مسلمان کی کیا شان ہے، اسوہ رسول ہی کے توسط سے دعوت کو حیات آفریں اور شخصیت کو جاذب نظر بنایا جاسکتا ہے۔ ہماری زندگیوں میں رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق حسنہ جس قدر نظر آئیں گے اسی قدر لوگ بھی ہم سے قریب ہوتے نظر آئیں گے۔ اس لیے محبت رسولؐ کا تقاضا ہے کہ ہر فرد یہ دیکھے کہ اس کے کس رویے سے رسول اللہ کی جھلک نظر آتی ہے، دن بھر کے کاموں میں وہ کس حد تک رسول اللہؐ کے احکامات کا پاس و لحاظ رکھتا ہے، رسول اللہؐ کی ہدایت کے مطابق انجام پانے والے ہر چھوٹے بڑے کام ہی سے سب پر واضح ہوگا کہ مسلمان درحقیقت رحمت للعالمین ؐکے امتی ہیں اور وہ بھی سراپا رحمت ہیں۔ دنیا والوں کے سامنے سیرت رسولؐ کے پیغام کو کما حقہ پیش کرنا‘ انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو سیرت رسولؐ کے سانچے میں ڈھالنے ہی سے ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے دینی علوم کے حلقوں کو خاص کر پابندی کرنی ہوگی کیوں کہ علماء اور طلباء پیغمبر اسلام ؐ کے حقیقی وارث ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے