فالٹ بڑا نہیں بجلی 12 گھنٹوں میں مکمل بحال ہوجائیگی،خرم دستگیر خان
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کا بڑا فالٹ نہیں آئندہ 12 گھنٹوں میں بجلی بحال ہوجائیگی۔وزیرتوانائی خرم دستگیرنے بیان میں کہا کہ آج صبح سات بجے کے قریب جب ایک ایک کر کے سسٹم کو آن کیا جا رہا تھا تو اس دوران جامشورو اور دادو کے درمیان فریکوئنسی کی کمی کی وجہ سے بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا۔انہوں نے کہا کہ بریک ڈاؤن شمال سے جنوب تک آیا ہے اور ہم آہستہ آہستہ جنوب سے شمال کی طرف سسٹم بحال کر رہے۔تربیلا اور وارسک سے کچھ سسٹم بحال کرنا شروع کر دیے ہیں۔ محتاط اندازے کے مطابق اگلے 12 گھنٹوں میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بحال ہو جائے گی، کوشش ہے اس سے پہلے ہی بجلی کی مکمل بحالی ہو جائے۔
خرم دستگیر کا مزید کہنا تھا کہ کہ پاور جنریشن کے وقت ایک ایک میگا واٹ کو دیکھا جاتا ہے کہ اس سے پاور ٹیرف پر کیا اثر پڑے گا اور موسم سرما میں چونکہ بجلی کی طلب کم ہوتی ہے اس لیے سسٹم کو رات کے وقت زیادہ تر سسٹم کو بند کر دیا جاتا ہے اور صبح ایک ایک کر کے سسٹم کو دوبارہ آن کیا جاتا ہے۔کراچی میں بجلی کی صورتحال سے متعلق وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ کراچی کا معاملہ تھوڑا سا پیچیدہ ہے۔ کے الیکٹرک کا اپنا سسٹم بھی موجود ہے لیکن کراچی کو نیشنل گرڈ سے جو 1100 میگا واٹ بجلی فراہم کی جاتی ہے وہ چند گھنٹوں میں بحال ہو جائے گی۔