ریکوڈک منصوبے کے حوالے سے بھارتی میڈیا پروپیگنڈا کررہا ہے،فرح عظیم شاہ
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) ترجمان بلوچستان حکومت فرح عظیم شاہ کا کہنا ہے کہ ریکوڈک منصوبے کے حوالے سے بھارتی میڈیا پروپیگنڈا کررہا ہے۔کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت مالی بحران کا شکار ہے۔ وفاق کے ذمے 75 ارب روپے کے بقایا جات ہیں ، واجبات کی ادائیگیاں نہ ہونے سے صوبے میں مسائل بڑھ رہے ہیں۔
ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے واجبات کی ادائیگی کی یقین دہانی کروائی ہے، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو بھی وزیراعظم سے بات کررہے ہیں۔ امید ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے مسائل جلد کرے گی۔ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ محدود وسائل میں اقدامات اٹھا رہے ہیں، مردم شماری کے حوالے سے بھی ہماری اچھی تیاری ہے۔انہوں نے کہ ریکوڈک منصوبے کے حوالے سے بھارتی میڈیا پروپیگنڈا کررہا ہے جبکہ ریکوڈک منصوبے کے ذریعے بلوچستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہورہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں فرح عظیم شاہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان سے گندم بحران ختم ہورہا ہے۔ محکمہ خوراک نے 4 لاکھ 96 ہزار گندم کی بوریاں خریدی ہیں۔ؔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے جو سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے اعلانات اوروعدے کیے تھے وہ پورے ہوں گے۔ترجمان بلوچستان حکومت نے سویڈن میں قران پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی بھی شدید مذمت کی۔