ڈاکٹر مالک کی جانب سے آصف علی زرداری سے متعلق اخباری بیان محض اپنا سیاسی قد بڑھانے کی ناکام کوشش ہے،حاجی علی مدد جتک

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق صوبائی صدر حاجی میر علی مدد جتک اور پی پی پی کے مرکزی رہنما و صدر ضلع حب میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک مسلمہ حقیقت اور عوام دوست پارٹی ہے گزشتہ روز ڈاکٹر مالک کی جانب سے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے متعلق اخباری بیان محض اپنا سیاسی قد بڑھانے کی ناکام کوشش ہے۔ گزشتہ ادوار میں ڈاکٹر مالک اور ان کی پارٹی نے صرف قوم پرستی کا نعرہ لگایا جبکہ حکومت میں ہوتے ہوئے بھی بلوچستان کے لئے کچھ نہیں کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں اپنے اخباری بیان میں کیا۔میر علی مدد جتک نے کہا کہ آصف علی زرداری پاکستانی سیاست کا ایک مضبوط ستون ہیں اور جو وہ کہتے ہیں اسے کامیابی سے پورا بھی کرتے ہیں اور اپنے وعدوں کو نبھانے کاعزم رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مالک صرف اپنا سیاسی قد بڑھانے کے لئے آصف علی زرداری کا نام لیتے ہیں اور ان کا بیان بلوچستان میں پیپلز پارٹی کی مقبولیت اور پارٹی پر عام عوام کے اعتمادپر اُن کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے جبکہ اصل حقیقت یہ ہے کہ ماضی میں قوم پرستی کی سیاست نے بلوچستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ جب بھی بلوچستان ترقی کی جانب گامزن ہونے لگتا ہے تو قوم پرستی کا نعرہ لگایا جانے لگتا ہے۔ قوم پرستوں نے ہمیشہ بلوچستان کی ترقی میں مشکلات پیدا کیں اور جان بوجھ کر بلوچستان کو پسماندہ رکھا گیا تاکہ ان کی سیاست چلتی رہے۔جبکہ حقیقت یہ ہے کہ گزشتہ ادوار میں ڈاکٹر مالک اور ان کی پارٹی نے حکومت میں ہوتے ہوئے بھی بلوچستان کے لئے کچھ نہیں کیا اور محض قوم پرستی کے نعروں کے سوا بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے کوئی عملی اقدامات نہیں کئے اور یہی وجہ ہے کہ بلوچستان کے عوام نے ڈاکٹر مالک اور ان کی پارٹی کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے مسترد کر دیا اور گزشتہ انتخابات میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور ضلع حب کے صدر میر علی حسن زہری نے ڈاکٹر مالک کے اخباری بیان کے ردعمل میں کہا کہ ڈاکٹر مالک کا بیان محض سیاسی شعبدہ بازی ہے جس پر بلوچستان کے عوام کان نہیں دھریں گے۔پیپلز پارٹی بلوچستان میں مضبوط ہو رہی ہے اور اس کی وجہ پیپلز پارٹی کی عوام دوست سیاست ہے۔ پارٹی عوام میں دن بہ دن مقبول ہوتی جارہی ہے اور بلوچستان پی پی پی کا گڑھ بن رہا ہے۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں انشاء اللہ آئندہ الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے صوبے میں حکومت بنائے گی اور آئندہ وزیراعلیٰ بلوچستان بھی جیالا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام باشعور ہو چکے ہیں اور انہیں اپنے اچھے اور برے کا بخوبی اندازہ ہو گیا ہے یہی وجہ ہے کہ بلوچستان میں قوم پرستی کی سیاست کا دور ختم ہوا چاہتا ہے۔بلوچستان کے عوام حقیقت پسندہو گئے
ہیں اور چیئرمین بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں جوق در جوق پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں کیونکہ وہ سمجھ گئے ہیں کہ بلوچستان کا روشن مستقبل پیپلز پارٹی سے وابستہ ہے۔میر علی مدد جتک اور میر علی حسن زہری نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں عوام کے ووٹوں، پیپلز پارٹی کے جیالے ورکروں کی محنت اورچیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی ولولہ انگیز قیادت میں پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور صوبہ بلوچستان میں حکومت سازی کرے گی اور بلوچستان کو ترقی کی ایک نئی راہ پر گامزن کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے