معیشت کا دیوالیہ نکالنے کی ذمہ دار سابقہ پی ٹی آئی حکومت ہے ،مولانا عبدالغفور حیدری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علما اسلام پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے خطرناک سرنگیں بچھاکر ملک کو معاشی طور پر کنگال کرکے رکھ دیا تھا پی ڈی ایم نے ایوان میں عددی اکثریت کے بعد اقتدار کو چیلنج سمجھ کرقبول کیا اتحادی حکومت حالات سدھارنے کیلئے کوشاں ہے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہرممکن کوشش جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ اسلامیہ محمودیہ نئی سبزی منڈی کراچی میں جے یوآئی کے بزرگ رہنما مولانا ڈاکٹر نصیرالدین سواتی کی رہائشگاہ پر ان کی بھابھی اور جے یوآئی سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات مولانا سمیع الحق سواتی کی چاچی کے انتقال پر تعزیت کے بعد ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی نائب امیر مولانا عبدالکریم عابد، بابرقمرعالم، مولانا ضیا الدین سواتی، قاری راحت اللہ میدانی، قاری طلحہ زبیر سواتی، حافظ عبدالمالک بروہی، قاضی فضل ہادی، حافظ زین العابدین جلالی، قاری عبدالخالق لانگو، مولانا کلیم اللہ، قاری لعل محمد، مولانا سعیداللہ حقانی ودیگر بھی موجود تھے۔سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اپنے سیاہ کرتوتوں کی وجہ سے قصہ پارینہ بن چکی ہے، عوام نے شہر قائد میں عمران نیازی کی سیاست کو سمندر برد کردیا ہے، عمران نیازی نے عوام دشمنی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ان کا بس چلتا تو وہ ملک کو مزید ناقابل تلافی نقصان پہنچاتے۔دریں اثنا جمعیت علمائے اسلام ضلع غربی کے سیکریٹریٹ پختون آباد منگھوپیر میں ضلعی امیر مفتی خالد ودیگر نومنتخب بلدیاتی نمائندوں کی مبارکبادی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ جے یوآئی نمائندوں کا سرخرو ہونا نیک شگون ہے، ہمیں عوامی مسائل اور مشکلات کا ادراک ہے، معیشت کا دیوالیہ نکالنے کی ذمہ دار سابقہ پی ٹی آئی حکومت ہے، اتحادی حکومت عوام کو جلد ان حالات سے نکال دے گی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور اقتدار میں ملک کے نظریاتی اور جغرافیائی سرحدات کو کمزور کرنے کیا، قومی اسمبلی سے استعفی اور صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرکے چوری کا مینڈیٹ لینے والے عوامی مینڈیٹ کی توہین کے مرتکب ہوئے ہیں قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ بعد ازاں انہوں نے ملک کے معروف عالم دین اور جامعہ مفتاح العلوم منگھوپیر جاکر جامعہ کے بانی اور جے یوآئی کے سینئر رہنما مولانا عبدالکریم نالوی کے انتقال پر ان کے صاحبزادے مولانا فدا الرحمن، اور مولانا عبدالصمدنالوی ودیگر پسماندگان سے تعزیت بھی کی انہوں نے کہا کہ مولانا عبدالکریم نالوی علم وعرفان کا درخشندہ ستارہ تھے، ان کی دینی، علمی سیاسی اور سماجی خدمات مدتوں یاد رکھی جائیں گی، انہوں نے مرحوم کی بلندی درجات اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔اس موقع پر جے یوآئی کے ممبر قومی اسمبلی مولانا جمال الدین، نومنتخب چیئرمین یوسی 9 مصطفی بدر برکی، وائس چیئرمین یوسی 11 قاری اشرف مینگل کونسلر ڈاکٹر غلام بادشاہ، مولانا حافظ نصیب مینگل ودیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔