بلوچستان کو 60ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی سپلائی بحال کردی گئی،ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کو 60ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی سپلائی بحال کردی گئی۔ ترجمان سوئی سدر ن گیس کمپنی سلمان احمد صدیقی کے مطابق بولان کے علاقے سراج آباد میں گزشتہ بدھ کو پھٹنے والی 12 انچ قطر کوئٹہ گیس پائپ لائن کی مرمت کا کام سوئی سدرن کی ٹیم نے مکمل کر لیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ خراب موسم کی وجہ سے پہلے مرمت کے کام میں تاخیر ہوئی لیکن موسم کی صورتحال بہتر ہوتے ہی ادارے کی ٹیکنیکل سروسز ڈویژن کی ٹیم نے جمعہ کے روز مرمت کا کام مکمل کیا، جس کے بعد ہفتہ کے روز 60ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی بحال کر دی گئی۔ترجمان کے مطابق پائپ لائن تباہ ہونے سے کوئٹہ، مچھ، مستونگ، قلات، زیارت اور دیگر ملحقہ علاقوں میں اِس لائن سے گیس کی فراہمی معطل ہوگئی تھی۔