انسانیت کی خدمت آخرت میں نجات کا سبب ہے،سینیٹر ثمینہ زہری

اوتھل (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان ہمارا گھر اور یہاں بسنے والے سب ہمارے اپنے ہیں۔ مشکل وقت میں اپنوں کی مدد ہم سب کی پہلی ترجیح و ذمہ داری ہونی چاہئے۔ دکھی انسانیت کی خدمت ہی آخرت میں نجات کا سبب بنے گی۔ ان خیالات کا اظہار سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اوتھل کے گردونواح میں سیلاب متاثرین کی بستیوں میں راشن بیگز، کمبل، پینے کا صاف پانی، گرم کپڑے، بچوں کے لئے دودھ اور دیگر اشیاء کی تقسیم کے موقع پر متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ دریں اثناء سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری اوتھل اور گردونواح میں سیلاب متاثرین کی بستیوں میں پہنچیں اورسیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں خوراک اور دیگر ضروری اشیاء تقسیم کیں۔اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت پر یقین رکھتے ہیں ہمارا مقصد صرف انسانیت کی خدمت ہے۔ اس مشکل وقت میں اپنے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور جہاں تک ہو سکا اُن کی مدد کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔دریں اثناء سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری اوتھل اور گردونوا کے علاقوں میں امداد ی سامان کے ہمراہ پہنچیں اور ان علاقوں کے سیلاب متاثرین میں 1000 سے زائد راشن بیگز، پینے کا صاف پانی،200 کمبل،گرم کپڑے،دوائیاں، بچوں کے لئے دودھ، جوس، کھلونے اورضرورت کی دیگر اشیاء تقسیم کیں۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کو اپنے درمیان پا کر سیلاب متاثرین کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔سیلاب متاثرین نے سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سینیٹر ثمینہ سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کے لئے ذاتی طور دن رات کوششیں کر رہی ہیں اس کے لئے اُن کے لئے دل سے دعا نکلتی ہے کہ انہوں نے اس سرد اور مشکل ترین وقت میں ہم جیسے لوگوں کی داد رسی کی اور ہمیں مشکلات سے بچایا۔ ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ اُنہیں غریبوں کی امداد اور داد رسی کی اور بھی ہمت و حوصلہ دے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری متاثرین سیلاب میں گھل مل گئیں اور انہیں حوصلہ دیا اور کہا کہ آپ سب ہمارے اپنے ہیں اور آپ کی بحالی ہماری سب سے اولین ترجیح ہے۔ بلوچستان کی بیٹی ہونے کے ناطے میرا یہ فرض ہے کہ جہاں تک ممکن ہو سکے مشکل میں پھنسے اپنے بہن بھائیوں کی مدد کر سکوں۔ ہم جو کام کر رہے ہیں یہ اللہ تعالیٰ ہم سے کروا رہا ہے۔یہ سب اللہ تعالیٰ کاہی دیا ہوا ہے جو ہم اپنے لوگوں تک پہنچا رہے ہیں۔انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ متاثرین کی امداد و بحالی کے اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں کیونکہ انسانیت کی خدمت ہی آخرت میں نجات کا سبب بنے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے