نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے استعفٰی دے دیا
ویلنگٹن(ڈیلی گرین گوادر)نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا، جیسنڈا آرڈرن نے پارٹی کے سالانہ اجلاس میں کہا کہ وہ 7 فروری تک اپنے فرائص سرانجام دیتی رہیں گی۔اپنی پارٹی کے اجلاس سے خطاب میں نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ میں نے بطور وزیراعظم اپنے فرائض بہترین طورپر ادا کرنے کی کوشش کی۔ اب وقت آگیا ہے کہ میں وزیراعظم کا منصب چھوڑ دوں۔ وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنا ایک بڑی ذمہ داری ہے اور اب میں سمجھتی ہوں کہ مجھ میں اتنی توانائی باقی نہیں ہے کہ وزیراعظم کے منصب کے ساتھ انصاف کرسکوں۔
جیسنڈا آرڈرن کو دنیا کی سب سے کم عمر خاتون حکمران کا اعزاز حاصل ہے۔ جیسنڈا دوہزار سترہ میں 37 سال کی عمر میں وزیراعظم منتخب ہوئی تھیں۔ جیسنڈا آرڈرن نیوزی لینڈ میں فائرنگ کے واقعات اور کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنانے کی وجہ سے ایک بین الاقوامی شخصیت بن کر سامنے آئی تھیں۔ اس کے علاوہ جیسنڈا آرڈرن کو کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر دہشت گرد حملے اور آتش فشاں پھٹنے سمیت بڑی آفات کا سامنا رہا۔نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسینڈا آرڈرن 7 فروری تک فرائض سرانجام دیں گی جب کہ نیوزی لینڈ میں عام انتخابات رواں سال اکتوبر میں ہوں گے۔