حکومت بلوچستان عوام کی خدمت اور مسائل کے حل کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے،میر ضیاء اللہ لانگو

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہاہے کہ حکومت بلوچستان عوام کی خدمت اور مسائل کے حل کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے بلوچستان کی عوام نے ہمیں پانچ سال کامینڈیٹ دیاہے ہم کسی کو یہ اجازت نہیں دینگے کہ وہ عوامی مینڈیٹ کی دھجیاں بکھیرنے کی کوشش کریں،گوادر کے لوگ ہمارے ہیں ان کی مشکلات کا ازالہ حکومت کی ذمہ داری ہے صرف ان لوگوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گرفتارکیاہے جو گوادر میں امن وامان کی صورتحال میں خلل پیدا کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ گوادر بلوچستان کی ترقی کا زینہ ہے یہاں ہونے والی سرگرمیاں بلوچستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے مگر ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت گوادر میں امن وامان کا مسئلہ پیدا کرنے کی کوشش کی گئی جس کا مقصد ہر گز عوامی مفادات نہیں تھا حکومت بلوچستان نے اس تمام ترصورتحال کا ہر پہلو سے جائزہ لیا اور ان لوگوں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا جو گوادر میں ترقیاتی سرگرمیوں میں خلل پیدا کرنے کی کوشش کررہے تھے تاہم دوسری جانب حکومت بلوچستان کو گوادر کے عوام کے مسائل کا بخوبی ادراک ہے اور ہم اس کے تدارک کیلئے نہ صرف اہلیان گوادر کے ساتھ بیٹھ کر مثبت حل نکال رہے ہیں بلکہ ہماری کوشش ہے کہ گوادر کی عوام کو تمام تر بنیادی سہولیات فراہم کی جاسکے،ہم نے صرف ان لوگوں کے خلاف کارروائی کی ہے جنہوں نے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت بے امنی کو ہوا دینے کی کوشش کی انہوں نے کہاکہ گزشتہ دنوں معروف کرکٹر سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کوئٹہ میں کرکٹ اکیڈمی کا افتتاح کیا جو کوئٹہ وبلوچستان کے نوجوانوں کیلئے سنگ میل ثابت ہوگاہمارے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں تاہم مواقعوں کا فقدان رہاہے اور ہمیں یقین ہے کہ اس اکیڈمی سے ایسے نوجوان آگے آئیں گے جو قومی کرکٹ ٹیم میں بلوچستان کانام روشن کرینگے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی عوام نے ہمیں پانچ سال کامینڈیٹ دیاہے ہم عوامی مینڈیٹ کااحترام کرتے ہیں حکومت بلوچستان اگر یہ سمجھتی تھی کہ وہ عوام کو ڈیلیور نہیں کرسکتے توانہوں نے اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا تاہم بلوچستان میں موجود حکومت عوام کی خدمت اور مسائل کے حل کے جذبے کو لئے کام کررہی ہے ہم کسی کو یہ اجازت نہیں دینگے کہ وہ عوامی مینڈیٹ کو زک پہنچانے کی کوشش کرے۔حکومت بلوچستان اپنی آئینی مدت پوری کریگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے