عدالت نے صحافی شاہد اسلم کی درخواست ضمانت منظور کرلی

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت نے سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے خاندان کے اثاثوں سے متعلق معلومات لیک کرنے کے الزام میں گرفتار صحافی شاہد اسلم کی پچاس ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر لی ہے۔

بدھ کو اس مقدمے کی سماعت کے بعد سپیشل جج سنٹرل اعظم خان نے صحافی شاہد اسلم کو جیل سے رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل عدالت نے انھیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا جبکہ اس مقدمے کے پراسیکیوٹر نے ملزم کے چار روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا اس بنیاد پر کی تھی کہ ملزم صحافی نے تفتیشی افسر کو اپنے زیر استعمال لیپ ٹاپ کا پاسورڈ نہیں دیا۔اس سے قبل صحافی شاہد اسلم کو سنیچر کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے حوالے کیا گیا تھا۔

پیر کے روز جب شاہد اسلم کو اسلام آباد کی مقامی عدالت کے جج عمر شبیر کی عدالت میں پیش کیا گیا تو اس مقدمے کے پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی کا کہنا تھا کہ دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے دوران ملزم نے پاسورڈ نہیں دیا اور ملزم کے جوابات بھی غیر تسلی بخش ہیں۔انھوں نے کہا کہ ملزم شاہد اسلم سے پوچھا کہ پاسورڈ دینے میں تعاون کریں لیکن انھوں نے نہیں کیا۔اس مقدمے کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے زیر استعمال لیپ ٹاپ اور موبائل کو ڈی کوڈ کرنے کے لیے انھیں فرانزک لیب بھیجوا دیا گیا ہے اور فرانزک ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ ایک دو روز میں اس کا پاسورڈ دے دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے