بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری،بجلی کی لوڈشڈنگ، گیس پریشر کم ہونے کے باعث شہریوں کے مسائل گھمبیر

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری، متعدد رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، پی ڈی ایم اے، این ایچ اے، ایف ڈبلیو او سمیت ضلعی انتظامیہ نے شاہراہوں سے برف ہٹانے کا کام شروع کردیا، صوبے بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ، بجلی کی لوڈشڈنگ ،گیس پریشر کم ہونے کے باعث شہریوں کے مسائل گھمبیر ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح کوئٹہ،، مستونگ،کولپور، کان مہترزئی، زیارت، خانوزئی، مسلم باغ،لورالائی، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ میں برفباری جبکہ ہرنائی، ژوب،قلات، سبی، نوکنڈی،دالبندین، خضدار، تربت، چاغی، خاران، واشک،پنجگور، کیچ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو رات گئے تک جاری رہا۔برفباری کے باعث لک پاس، زیارت، خانوزئی، کان مہترزئی، خوجک پاس، کولپور کے مقامات پر قومی شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں پر برف جمنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی تاہم وقفے وقفے سے پی ڈی ایم اے، این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور ضلعی انتظامیہ کی مشینری نے سڑکوں پر ہلکی اور بھاری مشینری کے ذریعے برف ہٹانے کا کام جاری رکھا جس سے ٹریفک کی روانی برقرار رہی تاہم بعض مقامات پر بڑی اور چھوٹی گاڑیوں کو حفاظتی اقدامات کے طور پر روک دیا گیا۔ برفباری کے دوران کوئٹہ کے سیاحتی مقام وادی ہنہ اوڑک کی جانب سیاحوں کی بڑی تعداد نے رخ کیا۔لوگ برفباری سے محضوظ ہوتے رہے جبکہ وادی ہنہ میں برفباری کے بعد سڑکوں کو بحال رکھنے کے لئے مشینری پہنچا دی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے میں سب سے زیادہ بارش کوئٹہ میں 10 اور قلات میں 07 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات نے آج جمعرات کو کوئٹہ، مستونگ، ژوب، بارکھان، زیارت،چمن، پشین، سبی، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ،مسلم باغ، قلات، خضدار، تربت،خاران، پنجگور، کیچ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا امکان ظاہر کیا ہے اس دوران جنوبی اضلاع میں چند مقا مات پر تیز بارش ہو سکتی ہے۔دوسری جانب صوبے میں بارش اور برفباری کے بعد سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا جبکہ گیس پریشر کم ہونے کے باعث شہریوں کو شدید سردی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے