کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل،صوبے میں دو روز تک بارش اور برفباری کا امکان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ کل(بدھ کو) داخل ہونے سے صوبے میں دو روز تک بارش اور برفباری کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ کل(بدھ) بلوچستان میں داخل ہوگا جو صوبے میں کل تک بارش اور برفباری کا باعث بنے گا۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج اور کل کوئٹہ، ژوب، بارکھان، زیارت، چمن، پشین، نوکنڈی، دالبندین، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، مسلم باغ، قلات، خضدار، تربت، پنجگور اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے اس دوران چند ایک مقاما ت پر تیز بارش بھی ہوسکی ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بدھ اور جمعرات کو شمالی بلوچستان میں بارش اور برفباری سے سڑکیں بند اور گاڑیوں کی آمد و رفت میں خلل پیدا ہوسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بارش کے دوران سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے جبکہ بارش کا سلسلہ فصلوں اور باغات کے لئے فائدہ مند رہے گا۔محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی بھی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب بلوچستان میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے زیارت میں درجہ حرارت منفی 9،مستونگ،قلات میں منفی 6،کوئٹہ اور پشین میں منفی 5، نوکنڈی میں منفی 4، تربت میں 9، سبی میں 3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے