شدید سرد موسم میں سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، سینیٹر ثمینہ زہری
لسبیلہ (ڈیلی گرین گوادر) سخت سرد موسم میں سیلاب متاثرین کو ہنگامی بنیادوں پر امداداور بحالی کی ضرورت ہے۔ ہماری جانب سے اپنی استطاعت کے مطابق اپنے بہن بھائیوں کی مدد کا سلسلہ جاری و ساری ہے۔ان خیالات کا اظہار سینیٹر ثمینہ ممتا ز زہری نے اوتھل اور لسبیلہ کے نواحی علاقے کپکوری اور ملحقہ علاقوں میں 400 ے زائد راشن بیگز،500 کمبل، گرم کپڑے اور دیگر ضروری اشیاء تقسیم کیں۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ سرد موسم نے سیلاب متاثرین کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے جس کا ہمیں ادراک ہے۔ حکومتی کوششوں کے ساتھ ساتھ ہماری اپنی کوششیں بھی جاری ہیں تاکہ سیلاب متاثرین کو اس سرد موسم میں حتی الوسع امداد فراہم کی جائے اور انہیں سرد موسم کی سختیوں سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت پر یقین رکھتے ہیں ہمارا مقصد صرف انسانیت کی خدمت ہے۔ اس مشکل وقت میں اپنے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور جہاں تک ہو سکا اُن کی مدد کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔اس موقع پر متاثرین نے سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر صاحبہ نے پہلے بھی ہم غریبوں کی مدد کی تھی اور اب بھی وہ واحد ہستی ہیں جنہوں نے اس سرد موسم میں ہمیں راشن، کمبل اور گرم کپڑے فراہم کئے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بلوچستان کی بیٹی ہونے کا حق ادا کر رہی ہیں اور بلا رنگ و نسل غریب عوام کی خدمت کر رہی ہیں۔اللہ تعالیٰ انہیں اپنے حفظ و امان میں رکھے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ متاثرین ہمارے اپنے ہیں اور ان کی بحالی ہماری سب سے اولین ترجیح ہے۔ بلوچستان کی بیٹی ہونے کے ناطے میرا یہ فرض ہے کہ جہاں تک ممکن ہو سکے مشکل میں پھنسے اپنے بہن بھائیوں کی مدد کر سکوں۔ ہم جو کام کر رہے ہیں یہ اللہ تعالیٰ ہم سے کروا رہا ہے۔یہ سب اللہ تعالیٰ کاہی دیا ہوا ہے جو ہم اپنے لوگوں تک پہنچا رہے ہیں۔دریں اثناء حب، لسبیلہ، اوتھل اور دیگر علاقوں کے عوامی حلقوں نے سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری اور میر علی حسن زہری اپنے وسائل سے امدادی سرگرمیاں مسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں اور سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی میں پیش پیش ہیں۔ سینیٹر ثمینہ زہری سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے متاثرین کے لئے امید کی کرن ثابت ہوئی ہیں۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کی بدولت سیلاب زدہ علاقوں میں کافی حد تک سر چھپانے کے لئے چھت سمیت خوراک، پانی اور دیگر اشیاء کی فراہمی ممکن ہو سکی اور بچوں، خواتین، بوڑھوں سمیت سیلاب زدہ علاقو ں میں پھنسے افراد کے لئے عارضی خیمے، کمبل، گرم کپڑے اور ضروری اشیاء کی فراہمی سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہونے سے بچ گئی ہیں۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ مصیبت زدہ علاقوں میں ہم اپنے لوگوں کی مدد کرتے رہیں گے اور جب تک دوبارہ نظام زندگی بحال نہیں ہوتا اور متاثرین اپنے گھروں میں دوبارہ آباد نہیں ہوتے ہمارا مشن جاری رہے گا۔انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سمیت مخیر حضرات سے ایک بار پھر اپیل کی کہ شدید سرد موسم شروع ہو چکا ہے اور متاثرین کو پہلے سے زیادہ مشکلات کا سامنا ہے۔ متاثرین کی دوبارہ اپنے گھروں میں آبادکاری کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ سرد موسم میں کوئی بڑا انسانی المیہ جنم نہ لے سکے۔