پاکستان کی واحد امید عمران خان ہیں پی ڈی ایم نے ہمیشہ ملک کو لوٹا اوراسکی جڑوں کو کمزور کیا ہے، سید ظہور آغا
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء سابق گورنر سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے پاکستان میں دو نظریہ ہیں ایک پی ڈی ایم کا اور دوسرا عمران خان کاپی ڈی ایم کا ایک ہی مقصد تھا حکومت میں آکر مزید چوریاں کریں اور اپنے کیسز ختم کروائیں، اداروں کی خودمختاری جو عمران خان نے دی پی ڈی ایم نے واپس ختم کر دی ہے۔یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ میں چمن کے قبائلی و سیاسی رہنماء حاجی صلاح الدین(عرف لالی) کی اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔سابق وگورنر سید ظہور آغانے کہا کہ پاکستان کی واحد امید عمران خان ہیں پی ڈی ایم نے ہمیشہ ملک کو لوٹا اوراسکی جڑوں کو کمزور کیا ہے آج بھی پی ڈی ایم کی جماعتیں ملک کو دوالیہ کرنے میں مصروف ہیں انہیں صرف اپنی کرپشن سے غرض ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک معاشی بحران کا شکار ہے جس سے نکالنے کے لئے پی ڈی ایم کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں ہے عمران خان کے دور میں ملک ترقی پر گامزن تھا پی ڈی ایم نے ملک ترقی پر ضرب لگائی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں بلوچستان سمیت ملک بھر میں پی ٹی آئی کلین سوئپ کرکے اپنی حکومت بنائے گی۔ اس موقع پر حاجی صلاح الدین نے کہا کہ پی ٹی آئی میں شمولیت کا مقصد عمران خان کے وژن پر چلنا ہے جلد ہی چمن میں ایک بڑا شمولیتی جلسہ منعقد کیا جائیگا۔