حلقہ پی بی 30سے کامیاب رکن اسمبلی کی جانب سے ترقیاتی کاموں میں علاقے کو نظرانداز کرنے کی مذمت کرتے ہیں، حاجی عطامحمدبنگلزئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)آل پارٹیز کے رہنماوں نے حلقہ پی بی 30سے کامیاب رکن اسمبلی کی جانب سے ترقیاتی کاموں میں علاقے کو نظرانداز کرنے کی مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پسماندہ علاقے میں ترقیاتی کام کرائے جائیں تاکہ عوام میں پائی جانے والی بے چینی ختم ہوسکے۔ یہ بات نیشنل پارٹی کے ضلعی صدرحاجی عطامحمد بنگلزئی، پاکستان پیپلزپارٹی کے ولی محمد وردگ، پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سید عبدالخاق آغا، پاکستان تحریک انصاف کے میر لیاقت لہڑی، آکا خیل قومی اتحاد کے عبدالخالق آکاخیل، یونس بلوچ،عثمان بڑیچ، زبیر خان احمدزئی،حاجی علی خیل، محمد زمان،عبدالرحمن،محمدآصف، عبدالجباراوردیگر نے آکاخیل ٹاون کلی فیروز آباد میں حلقہ پی بی 30کے بنیادی مسائل اورانکے حل کے بارے میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں حلقہ پی بی 30سے کامیاب ہونے والے رکن صوبائی اسمبلی نے آج تک علاقے میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کرایا جس کی وجہ سے علاقے کے عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے اورحلقے کے عوام آج اکیسویں صدی میں بھی بجلی،گیس، اسٹریٹ لائٹس پینے کے صا ف پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور منتخب رکن اسمبلی علاقے کے مسائل سے دانستہ طور پرچشم پوشی اختیار کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حلقے سے منتخب رکن اسمبلی کی طرف سے علاقے کے عوام کو نظرانداز کرنے کے خلاف باقاعدہ مہم چلائی جائے گی۔انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ حلقہ پی بی 30کو ترقیاتی کاموں میں نظرانداز کرنے کا فوری نوٹس لیکر علاقے کے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں بصورت دیگر علاقے کے عوام احتجاج پر مجبور ہونگے۔