جماعت اسلامی پیپلز پارٹی سے تھوڑا پیچھے ہے،سعید غنی

کراچی (ڈیلی گرین گوادر)وزیرِ محنت و افرادی قوت سندھ و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعیدغنی کا کہنا ہے کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی پیپلز پارٹی سے تھوڑا پیچھے ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران سعید غنی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی سب سے بڑی کامیاب پارٹی کے طور پر سامنے آرہی ہے، ہم نے پہلے ہی کہا تھا پیپلز پارٹی کامیاب ہوگی، اللہ پاک نے ہماری بات کا برہم رکھا اور کراچی والوں نے ووٹ دیا، کوشش کریں گے کہ اتنے نمبر پورے کریں کہ شہر میں اپنا میئر لاسکیں۔سعید غنی نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کراچی میں کافی نشستیں جیتی ہیں، جماعت اسلامی پیپلز پارٹی سے تھوڑا پیچھے ہے، لیکن جماعت اسلامی کو بھی مبارکباد کہ لوگوں نے ان پر بھی اعتماد کیا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کئی برسوں سے کراچی کی خدمت کی ہے، کراچی کے شہریوں کے اعتماد پر پورا اتریں گے، ملک میں کچھ ماہ بعد عام انتخابات ہوں گے، عام انتخابات میں بھی صوبائی اورقومی اسمبلی سےجیتیں گے۔سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دماغ میں خناس تھا کہ کراچی ان کا ہے، پی ٹی آئی کے میئر کے امیدوار اپنی سیٹوں سے بھی نہیں جیت سکے، پیپلز پارٹی کے نجمی عالم نے خرم شیر زمان کوشکست دی جو میئر بنے بیٹھے تھے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے بائیکاٹ پر سعید غنی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے ماضی میں بھی الیکشن کابائیکاٹ کیا تھا مگر انتخابات ہوئے، ہماری خواہش تھی کہ ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیتی، احتجاج ایم کیو ایم کاحق ہے مگر جو جیت چکے وہ مدت پوری کریں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے جمہوری انداز میں کراچی کا میئر منتخب ہو، ہم جماعت اسلامی سے بھی بات کریں گے، پی ٹی آئی کو چھوڑ کر باقی تمام جماعتوں سے بات ہوسکتی ہے، پی ٹی آئی سے اتحاد کا کوئی ارادہ نہیں ہے، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے درمیان اتحاد ہوجائے تو کوئی مسئلہ نہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے