بلوچ قوم کیلئے مردم شماری زیست ومرگ کا مسئلہ ہے ، واجہ جہانزیب بلوچ
تربت(ڈیلی گرین گوادر)آل پارٹیز کیچ کے وفد کا کنوینئر خالد ولید سیفی کی سربراہی میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میر جہانزیب بلوچ سے ملاقات۔ حالیہ مردم شماری سمیت علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق آل پارٹیز کیچ کے وفد کا کنوینئر خالدولید سیفی کی سربراہی میں بی این پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانزیب بلوچ سے ملاقات کی۔ملاقات میں جمعیت علمااسلام کیچ کے امیر و آل پارٹیز کیچ کے کنوینئر خالد ولیدسیفی، نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر مشکور انور، فضل بلوچ، حفیظ علی بخش، جمعیت علمااسلام کے رہنما مولانا عبدالحفیظ مینگل، پیپلز پارٹی کے رہنما نواب شمبیزئی، حاجی عبدالقدیر بلوچ، احدالہی، پاکستان نیشنل پارٹی کے ہیومن رائٹس سیکرٹری خان محمدجان گچکی، جماعت اسلامی کیچ کے رہنما غلام اعظم دشتی، مرکزی جمعیت اہل حدیث کے رہنما یلان زامرانی، تربت پریس کلب کے صدر طارق مسعود، تربت سول سوسائٹی کے کنوینئر گلزار دوست، ڈپٹی کنوینئر جمیل عمر، کیچ سول سوسائٹی کے کنوینئر التازسخی، عومر ھوت، ودیگر رہنما شریک تھے، جبکہ اس موقع مردم شماری، علاقائی مسائل اور دیگر ایجنڈے زیر بحث رہے، بی این پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل واجہ جھانزیب بلوچ نے کہا کہ مردم شماری ہماری زیست ومرگ کا مسئلہ ہے، ہمیں مشکلات ومسائل کے باوجود مردم شماری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے، مردم شماری میں بلوچ قوم کیخلاف اگر سازش کی گئی تو ہم مشترکہ طورپر مزاحمت کریں گے اور سازشوں کاجواب دیں گے، بلوچستان میں اس وقت مردم شماری کا جو سلسلہ شروع کیا گیا ہے اور اسکی آخری تاریخ مارچ تک مقرر ہے جبکہ ہمارے ہاں اس موسم میں لوگ ہجرت کرکے موسم کی وجہ سے گرم علاقوں کا رخ کرتے ہیں انہیں اندراج کرنے میں مسائل ہوں گے، جبکہ یہاں مہاجرین کی ایک بڑی تعداد موجود ہے جن سے بلوچ اور پشتون دونوں کو مشکلات ومسائل کا سامنا ہے، جبکہ کئی علاقے انسرجنسی کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں جن سے نمٹنا ضروری یے، انہوں نے کہا کہ عوام کو بڑھ چڑھ کر مردم شماری میں حصہ لینا چاہیے اور متعلقہ اداروں کیساتھ تعاون کرنا چاہیے، اس موقع پر آل پارٹیز کیچ کے کنوینر خالد ولید سیفی نے کہاکہ آل پارٹیز کیچ سیاسی جماعتوں کا گلدستہ ہے جسمیں سول سوسائٹیز، انجمن تاجران اور صحافی برداری شامل ہیں، کیچ کے اجتماعی مسائل کے حل کیلئے ہمارا جدوجہد جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری سے متعلق آل پارٹیز کیچ اپنا کردار ادا کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی، قومی آگاہی کے ساتھ ساتھ عملی میدان بھی اپنا حصہ شامل کرے گی، اس موقع پر بی این پی مینگل کے ضلعی صدر میجر جمیل دشتی، ضلعی جنرل سیکرٹری نصیر احمدگچکی، قاسم دشتی، سیدجان گچکی، باھڑجمیل دشتی، صحافی امجد مراد، اور شاہ میر مسعود بلوچ ودیگر موجود تھے۔