الیکشن کمیشن نے گوشوارے جمع نہ کروانے پر 271 اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کردی

اسلام آباد(ڈیلی گرین وادر) الیکشن کمیشن نے گوشوارے جمع نہ کروانے پر 271 اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کردی۔الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق سالانہ گوشواروں کی تفصیلات جمع نہ کروانے والے سینیٹ کے 21، قومی اسمبلی کے 136 ارکان کی رکنیت معطل کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں سندھ اسمبلی کے 48، خیبر پختونخوا اسمبلی کے 54 اور بلوچستان اسمبلی کے 12 ارکان کی رکنیت معطل کردی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ شوکت ترین، عبدالغفور حیدری، احمد خان، اعظم سواتی، ثانیہ نشتر، اور انوار الحق کاکڑ کی سینیٹ رکنیت بھی معطل کی گئی ہےجب کہ احسن اقبال، تاج حیدر، فواد چودھری، مراد سعید، زرتاج گل، طارق بشیر چیمہ، نوید قمر، اسد عمر اور عمر ایوب بھی رکنیت معطل کیے جانے والے اراکین میں شامل ہیں۔ان کے علاوہ قومی اسمبلی کے معطل کیے گئے اراکین میں اسد قیصر، نور عالم خان، شہریار آفریدی، نور الحق قادری، غلام سرور خان، خواجہ آصف، محسن رانجھا، فہمیدہ مرزا، علی زیدی، شفقت محمود، کنول شوزف اور عندلیب عباس شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق معطل ارکان، قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔ علاوہ ازیں معطل ارکان اعتماد کے ووٹ سمیت قانون سازی میں بھی شامل نہیں ہو سکتے۔رکنیت معطلی کے بعد الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز اور چیئرمین سینیٹ کو معطل ارکان کی فہرست بھجوا دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے