پنجاب میں عمران خان سے مشورہ کرکے نگراں وزیر اعلیٰ کے نام دیں گے، پرویز الٰہی
لاہور(ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ پنجاب میں نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے عمران خان سے مشاورت کرکے نام دیں گے۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے کہا کہ ہم نے اچانک اعتماد کا ووٹ لے کر انہیں سرپرائز دیا ہے۔ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے گورنر کےکہنے پر اعتماد کا ووٹ لیا، اب مسلم لیگ (ن) کی باری ہے، جب صدر انہیں اعتماد کا ووٹ لینے کا کہیں گے تو ان کی جان کے لالے پڑ جائیں گے۔
تحریک انصاف میں انضمام کے حوالے سے پرویز الٰہی نے کہا کہ پیر کے روز مسلم لیگ (ق) کے رکن صوبائی و قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا ۔ جس میں مشاورت کی جائے گی۔پرویز الٰہی نے کہا کہ آئین کے مطابق گورنر پنجاب کو نگراں وزیر اعلیٰ کے لئے حمزہ شہباز کو خط لکھنا ہے، ہم آج رات عمران خان سے ملاقات کریں گے، جس میں وزیر اعلیٰ کے لئے نام کے لیے مشاورت کریں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اسحاق ڈار کہتے تھے کہ ملک میں ڈالر لاؤں گالیکن وہ بھی ناکام ہوگیا، (ن) لیگ بہت نیچے چلی گئی ہے، یہ انتخابات میں منہ چھپاتے پھریں گے۔ نواز شریف کو شکست نظر آرہی ہے، اس لے وہ واپس نہیں آرہے، شہباز شریف کا کوئی منصوبہ کامیاب نہیں ہورہا۔ اب انہیں کسی غیبی مدد کا انتظار ہے۔صوبے میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے پرویز الٰہی نے کہا کہ 4 مہینوں میں ہم نے 4 سال کا کام کیا ہے، کوئی شعبہ ہم نے نظر انداز نہیں کیا۔