جماعت اسلامی کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں کلین سوئپ کرے گی،حافظ نعیم الرحمان
کراچی (ڈیلی گرین گوادر) حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی آج کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں کلین سوئپ کرے گی۔پولنگ اسٹیشن ایلیمنٹری گورنمنٹ گرلز اسکول میں ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سندھ میں ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے کئی سال تک الیکشن نہ ہونے دیئے، مجموعی طور پر شہر میں امن و امان کی صورتحال ہے تاہم بعض مقامات پر سازش کر کے کیمپوں کو جلایا گیا تاکہ عوام رک جائیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے کئی سال بلدیاتی الیکشن نہیں ہونے دیئے، لوگ چاہتے ہیں جماعت اسلامی منتخب جیتے۔ ایم کیو ایم والے رات گئے الیکشن سے بھاگ گئے، ایم کیو ایم میں جان ہوتی تو وہ بائیکاٹ نہ کرتے بلکہ ہمارا مقابلہ کرتے۔انہوں نے کہا کہ کئی جگہوں سے اطلاع ملی ہیں کہ پولنگ کا عمل تاخیر کا شکار ہوا جو الیکشن کمیشن کی نااہلی ہے، جہاں پولنگ میں تاخیر ہوئی وہاں الیکشن کمیشن ٹائم بڑھائے۔ عوام سے درخواست ہے کہ گھروں سے نکل کر ووٹ کاسٹ کریں۔
حافظ نعیم نے دعویٰ کیا کہ جماعت اسلامی کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں آج کلین سوئپ کرے گی، عوام جان گئے ہیں کہ کراچی کے مسائل کا حل صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے۔ کراچی کیخلاف بہت سازشیں ہوئیں، رات تک یہی کوشش کی گئی کہ الیکشن نا ہوں، رات تک عوام کو کنفیوز رکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ بعض علاقوں میں نامعلوم افراد خوف و ہر اس پھیلا رہے ہیں، یہ نامعلوم نہیں بلکہ معلوم لوگ ہیں۔ سیکیورٹی ادارے نامعلوم افراد کیخلاف کارروائی کریں اور پیٹرولنگ بڑھائیں۔ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو شہر کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔