دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو یاد رکھاجائے گا، وزیراعظم

لاہور (ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو یاد رکھاجائے گا۔لاہور میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز پروبیشنری آفیسرزکی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ مون سون سیزن کے دوران سیلاب کےباعث کئی علاقےتباہ ہوگئےتھے، افسران نے سیلاب متاثرین کی جو مدد کی وہ قابل تعریف ہے، دکھی انسانیت کی خدمت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے چمکتے ستاروں کے ہاتھوں میں ترقی وخوشحالی کی چابی ہے، عملی میدان میں ہر قسم کے چیلنجز آئیں گے ،نمٹنے کا ہنرہونا چاہیے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو معاشی چیلنجز کا ہر ایک کو پتہ ہے، متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران یو اے ای کے صدر انتہائی محبت اور شفقت سے پیش آئے، میں نے ان سے کہا ہے کہ 2 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کردیں۔
شرم آرہی ہے لیکن آئی ایم ایف کی شرائط میں جکڑے ہوئے ہیں، آئی ایم ایف کا ابھی بھی مطالبہ ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرے، غریب آدمی پر کتنا بوجھ ڈالیں۔

دورہ یو اے ای کے حوالے سے وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہم نے عزم کیا تھا کہ ملک کے لیے قرضہ نہیں لیں گے مگر مالی مشکلات نے مجبور کیا اور یو اے ای کے صدر سے درخواست کی کہ ایک ارب ڈالر مزید قرض دے دیں، انہوں نے اس پر بھی حامی بھر لی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے یو اے ای کے صدر سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان کی مثال یہ ہے کہ ایک ہاتھ میں ایٹمی طاقت ہے اور دوسرے ہاتھ میں کشکول ہے، انہوں نے کہا کہ اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے