کوئٹہ سمیت بلو چستان کے مختلف علاقوں میں خون جما دینے والی سر دی کی لہر بر قرار

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ سمیت بلو چستان کے مختلف علاقوں میں خون جما دینے والی سر دی کی لہر بر قرار، کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 8 زیارت میں منفی 15 اور قلات میں منفی 11تک گر گیا،یخ بستہ موسم کی وجہ سے سڑکوں،گلیوں میں کھڑا پانی جم گیا جبکہ گھروں اور دفاتر میں پانی کی ٹنکیوں اور نلکوں کا پانی بھی جم گیا، گیس پریشر میں کمی اور بجلی کی غیر اعلانیہ اضا فی لوڈ شیڈنگ سے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے۔ تفصیلات کے مطابق حالیہ بارش اور برفباری کے بعد وادی کوئٹہ، قلات اور زیارت سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں ان علاقوں میں یخ بستہ ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی درجے نیچے گر گیا ہے،صوبے کے گرم ترین علاقوں میں بھی موسم شدید سرد ہو گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ میں جمعہ کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت اس سے بھی کم محسوس کیا جا رہا ہے۔کوئٹہ کے نواحی تفریحی مقامات ہنہ اور اوڑک میں سردی کی شدت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے جبکہ وادی کوئٹہ میں یخ بستہ موسم کی وجہ سے سڑکوں اور گلیوں کی نالیوں میں جمع پانی برف بن گیا جبکہ سڑک کنارے کھڑے پانی کی چھینٹوں سے پودوں اور جھاڑیوں پر برف کی قلفیاں جم گئیں۔یہی صورتحال گھروں اور دفاتر میں پانی کی ٹنکیوں اور پائپ لائنوں کی بھی رہی جہاں پانی برف بن گیا ہے۔دوسری جانب وادی زیارت میں جمعہ کو رواں موسم سرما کا سرد ترین دن رہاجہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔زیارت کے مضافاتی علاقوں خرو راری بابا، سنڈیمن تنگی اور ملحقہ علاقوں میں اس سے بھی زیادہ سردی ہے، اس سے قبل گزشتہ روز وادی زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12 اور 3 جنوری کو منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔قلات میں بھی جاری سردیوں کا جمعہ کو سرد ترین دن تھاجہاں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے 11 درجے نیچے ریکارڈ کیا گیا۔اس کے علاوہ بلوچستان کے جنوبی علاقوں کیچ اور پنجگور میں بھی کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ہے یہ صوبے کے وہ علاقے ہیں جہاں سبی کے علاوہ سب سے زیادہ گرمی پڑتی ہے، پنجگور میں جمعہ کو کم سے کم درجہ حرارت منفی چار اور نوکنڈی میں منفی سات ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔یخ بستہ موسم کی وجہ سے وادی کوئٹہ،زیارت،قلات اور دیگر علاقوں میں معمولات زندگی متاثر ہو گئے ہیں جبکہ گیس پریشر نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو شدید پریشانی اور مشکلات کا سامنا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں شدید سردی کی لہر آئندہ چند روز مزید برقرار رہنے کا امکان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے