ناظم جوکھیو قتل کیس،جام اویس کا ریلیز آرڈر
کراچی (ڈیلی گرین گوادر)ناظم جوکھیو قتل کیس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج ملیر نے سندھ اسمبلی کے رکن جام اویس کا ریلیز آرڈر جاری کر دیا۔عدالت کا کہنا ہے کہ ملزم جام اویس کو قتل اور اغواء کے کیس میں رہا کر دیا گیا ہے۔اس سے قبل کراچی کی عدالت نے ناظم جوکھیو قتل کیس میں سندھ اسمبلی کے رکن جام اویس سمیت 3 ملزمان کی صلح نامے کی درخواست منظور کی تھی۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر نے ملزمان کی مقتول کے ورثاء سے صلح کی درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا تھا۔
عدالت نے 2 ملزمان کی صلح نامے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملزمان پر اغواء کا الزام ہے، لہٰذا ان کی صلح کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔عدالت نے کہا کہ جام اویس، معراج جوکھیو اور احمد خان کی صلح کی درخواست منظور ہوئی ہے، ملزمان دودو خان اور سومار کو قتل کے الزام سے رہا کیا جاتا ہے۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان دودو خان اور سومار کے خلاف مقتول کے اغواء کا مقدمہ چلے گا۔
واضح رہے کہ ناظم جوکھیو کو نومبر 2021ء میں تشدد کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔مقدمے کے ایک ملزم سلیم سالار نے صلح نامے کی بنیاد پر کیس سے رہا ہونے سے انکار کیا تھا۔ملزم سلیم کا کہنا تھا کہ میرا اس کیس میں کوئی کردار نہیں ہے، صلح نامے کی بنیاد پر رہا نہیں ہو سکتا۔رکن قومی اسمبلی جام کریم کے خلاف پولیس نے ناکافی شواہد کی بنیاد پر مقدمہ ختم کر دیا تھا۔