کرپشن کے بے تاج بادشاہ ہمیں عوام کی خدمت اور ڈویلپمنٹ پر لیکچر نہ دیں ، عوامی نیشنل پارٹی
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی بیان میں وفاقی وزیر ہاؤسنگ مولانا عبدالواسع کے اخباری بیانات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کرپشن کے بے تاج بادشاہ ہمیں عوام کی خدمت اور ڈویلپمنٹ پر لیکچر نہ دیں، جو شخص اپنے صوبے میں اپنی جماعت کا اعتماد کھوچکا جسے اپنے بھائی پر بھروسہ نہیں، جس کی وجہ سے ہم اسلام آباد میں کسی سے بحیثیت بلوچستانی اپنا تعارف نہیں کراسکتے اور جس شخص کی شاطر چالبازی سے مسلم باغ ضلع کا قیام رک گیا،جس کی عجب کرپشن کی غضب کہانیاں ہر زبان پر ہوں ایسا شخص ہمیں بھاشن نہ ہی دے تو بہتر ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی دفتر باچاخان مرکز سے جاری ہونے والے صوبائی بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے اور بالخصوص پشتون بیلٹ کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہم نے کم ممبران کے ساتھ قلیل وقت میں جو کارہائے نمایاں سرانجام دیئے ہیں مولوی صاحب اور ان کی جماعت پچاس سال میں اس کی نظیر پیش نہیں کرسکتی۔عوامی نیشنل پارٹی نے دو ہزار اٹھارہ کے عام انتخابات کے بعدمحض چار اراکین اسمبلی کی مدد سے چار سال کے قلیل عرصے میں صوبے کے پشتون بیلٹ کے دیرینہ انتظامی، معاشی اور سماجی مسائل کے حل کی راہ ہموار کی ہے۔ہم نے لورالائی ڈویڑن بنایا، چمن ڈسٹرکٹ بنایا، حتیٰ کہ پشین اور مسلم باغ کے نئے اضلاع بھی سو فیصد فائنل ہیں لیکن موصوف مولوی صاحب اور ان کی جماعت رکاوٹ بن گئی اور پشین اور مسلم باغ ضلع کے قیام کے آگے کھڑے ہوگئے یہ لوگ کب تک پشتونوں کے انتظامی مسائل کے حل کے راستے میں دیوار بن کر کھڑے رہیں گے عوام ان کی اصلیت جان چکے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے ضمن میں نواں کلی کے باچاخان ہسپتال سے لے کر تمام پشتون اضلاع میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کے اعلیٰ اداروں اور صحت، تعلیم، آبنوشی اور توانائی کے شعبوں میں ہم نے چار سال کے عرصے میں جو کام کئے فاضل مولوی صاحب اور ان کی جماعت اپنی پچاس سال کی حکومتوں میں اس کی نظیر پیش نہیں کرسکتی یہ لوگ پچھلے پچاس سال سے ہر حکومت کے مضبوط شراکت دار رہے ہیں جو بھی حکومت آئی یہ اس کا حصہ بنے لیکن ان کے کریڈٹ پر ایک بھی ایسا کارنامہ نہیں جس کی یہ عوام میں جا کر مثال دے سکیں ہاں البتہ ان کے عجب کرپشن کی غضب کہانیاں زبان زدعام و خاص ہیں یہ لوگ کرپشن کے بے تاج بادشا ہ بن گئے ہیں کل تک مولوی صاحب پی اینڈ ڈی کی کرپشن کے لئے مشہور تھے اب اسلام آباد میں ان کی کرپشن کے ملک گیر چرچے ہیں اسلام آباد میں ہمارے صوبے کا کوئی بندہ اپنے آپ کو بلوچستانی کہہ کر تعارف کرانے سے شرماتا ہے کیونکہ آگے سے اسلام آباد والے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی پٹاری کھول کر سامنے رکھ دیتے ہیں ایک ایسا شخص جو اپنے ضلع قلعہ سیف اللہ میں اپنی جماعت کے اندر اعتماد کھوچکا ہے اور موصوف کو زیادہ تکلیف بھی ضلع قلعہ سیف اللہ میں اے این پی اور اتحادیوں کی گزشتہ بلدیاتی انتخابات میں واضح جیت کی وجہ سے ہیں اسے بلوچستان میں جمعیت کی صوبائی تنظیم پر کس نے مسلط کیا ہے یہ بچہ بچہ جانتا ہے، ایک ایسا شخص جسے اپنے بھائی پر بھی بھروسہ نہیں اور اپنی وزارت کے جملہ معاملات اپنے بھائی سے لے کر اب اپنے بیٹے کے حوالے کرچکے ہیں ایک ایسا صوبائی امیرجو ا پنی جماعت کے نظریاتی کارکنوں سے زیادہ ٹھیکیداروں میں شہرت اور نیک نامی کا حامل ہو ایسا شخص عوامی نیشنل پارٹی کو ترقی اور عوام کی خدمت پر لیکچر نہ ہی دیں تو بہتر ہیں عوام سب جانتے ہیں کہ کون کیا ہے کیا کررہا ہے اور آنے والے وقت میں اس کا مقدر کیا ہوگا یہ فیصلہ بھی عوام نے ہی کرنا ہے۔