جنوبی وزیرستان، بے امنی کے خلاف دھرنا جاری، مذاکرات ناکام ہونے پر سڑکیں بلاک
خیبرپختونخوا(ڈیلی گرین گوادر) صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں دھرنے کے رہنما اور مقامی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے کے باعث مظاہرین نے سڑکیں بلاک کردیں۔
جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں دھرنا مسلسل پانچویں روز بھی جاری ہے، وزیرستان امن پاسون کی جانب سے یہ دھرنا منعقد کیا گیا جس میں حکومت سے ضلع میں امن کی بحالی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
رہنماؤں اور مقامی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے کے بعد مظاہرین نے سڑکوں پر ناکہ بندی کردی جس کے باعث ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا اور وانا بازار کی تقریباً 8 ہزار دکانیں بند رہیں۔
بعد ازاں وزیرستان امن اولاسی پاسون کے رہنما عمران مخلص نے پریس کانفرنس کرتےہوئے کہا کہ پانچ روز قبل دھرنا شروع ہونے کے بعد انتظامیہ سے مذاکرات جاری تھے لیکن یہ مذکرات کامیاب نہ ہوسکے۔