بین الاقوامی برادری کے مشکور ہیں جنہوں نے اس مشکل گھڑی میں پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑا،فرح عظیم شاہ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گو ادر) ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ جینیوا میں پیر سے شروع ہونے والی دو روزہ کانفرنس کے دوران بین الاقوامی اداروں اور مختلف ممالک نے پاکستان میں 2022 میں آنے والے سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے اب تک تقریباً نو ارب ڈالر امداد دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے ابھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گوتریس نے دورہ پاکستان کے دوران سیلاب سے تباہی کے مناظر اپنی آنکھوں سے دیکھتے ہوئے دلی افسوس کا اظہار کیا تھا۔ ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ ہم بین الاقوامی برادری کے مشکور ہیں جنہوں نے اس مشکل گھڑی میں پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑا اور امید کرتے ہیں کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی و تعمیر نو کے عمل میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے متاثرین کی بحالی کیلئے احسن اقدامات اٹھائیں گے۔ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے پوری قوم متحد ہے اور ہمیشہ کی طرح اس بار بھی قوم نے انسانیت کی ایک بہترین مثال قائم کی ہے جس کا اعتراف بین الاقوامی برادری نے بھی کیا ہے۔ترجمان صوبائی حکومت نے کہا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے پیدا ہونے والی تمام تر مشکلات اور بحران کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے صوبائی حکومت عملی اقدامات اْٹھا رہی ہے متاثرین کی بحالی کو یقینی بناتے ہوئے دوبارہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے