ڈیجیٹل خانہ اور مردم شماری کیلئے سٹاف کو مکمل سہولیات فراہم کریں گے،ڈپٹی کمشنر پشین

پشین(ڈیلی گرین گوادر) ڈپٹی کمشنر پشین ڈاکٹر یاسر خان بازئی نے ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کے سلسلے میں گورنمنٹ ہائی سکول مچان میں قائم ٹریننگ سینٹر کا دورہ کیا، ڈپٹی کمشنر نے مردم شماری کی جاری ٹریننگ کے عمل کا جائزہ لیا، اس موقع پر آفیسر شماریات سید معراج آغا نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع پشین میں مختلف ٹریننگ مراکز قائم کئے گئے ہیں، اور مرحلہ وار تین بیجز میں تربیتی عمل مکمل کیا جائے گا اور ہر بیج کی پانچ دنوں کی ٹریننگ ہوگی، انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے کی تربیت سات سے گیارہ جنوری تک ہوگی، جس میں عملہ کی تربیت کی جائے گی، اس طرح دوسرے بیج کی تربیت کا عمل بارہ سے سولہ جنوری تک مکمل کیا جائے گا، تیسرے اور اخری بیج کا مرحلہ 17 سے 21 جنوری تک پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشین نے تربیتی عملے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مردم شماری کے کام کو پوری ایمانداری اور جانفشانی سے سرانجام دیں، انہوں نے کہا کہ ملک کے اگلے دس سالوں کی تعمیر وترقی کا دارومدار مردم شماری کے ڈیٹا پر ہوتا ہے، انہوں نے ماسٹر ٹرینر کو ہدایت کی کہ مردم شماری سٹاف کی حاضری رپورٹ روزانہ بھجوائی جائیں، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈیجیٹل خانہ اور مردم شماری کیلئے سٹاف کو مکمل سہولیات فراہم کریں گے، نادرا سے لنک ہونے پر ڈیجیٹل مردم شماری میں غلطی کا امکان کم ہوگا،انہوں نے کہا کہ مردم شماری کو کامیاب بنانے کیلئے منظم رابطوں کو فروغ دیا جائے، جدید ملٹی میڈیا ضروریات کی فراہمی میں مکمل تعاون کریں گے،7سے21جنوری تک تحصیل سطح پر شمار کنندگان کو تربیت دی جائے گی، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مردم شماری کیلئے جلد ایپ آن لائن ہوگی جس میں شہری خود بھی ڈیٹا شیئر کرسکیں گے۔اس موقع پر ماسٹر ٹرینر نصیب جان درانی نے بتایا کہ مردم شماری کی ٹریننگ کے سلسلے میں مطلوبہ سامان موصول ہوچکا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے