شہرمیں گندم اور آٹا ذخیرہ کرنے پر 20 سے زائد افراد کو گرفتار جبکہ متعدد گودام سیل کئے گئے ہیں ، شہک بلوچ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ نے کہاکہ شہر میں گندم اور آٹا ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں اس سلسلے میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز جامع حکمت عملی کے تحت مختلف علاقوں میں چھاپے اور کارروائی کے لئے متحرک ہیں۔عوام کو ذخیرہ اندوزوں اور لوٹ مار کرنے والوں کے رحم و کرم پر چھوڑ سکتے۔گندم اور آٹا ذخیرہ کرنے پر 20سے زائد افراد کو گرفتار جبکہ متعدد گودام سیل کئے گئے ہیں۔یہ بات انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کا کہنا ہے کہ شہر میں گرانفروشوں،منافع خوروں،تجاوزات اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔شہر میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر نظر رکھی ہوئی ہے جہاں پر شکایات ملیں وہاں اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس مجسٹریٹس فوری کارروائی کرتے ہیں۔شہر میں آٹا کا بحران پیدا کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے۔لہذا ضلعی انتظامیہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کررہی ہے تاکہ عوام کو آٹا مناسب قیمت پر مل سکے۔انہوں نے کہاکہ پولٹری کی قیمتوں کا انحصار ڈیمانڈ اور سپلائی پر ہوتاہیکیونکہ دیگر صوبوں سے مرغیاں لائی جاتی ہے لیکن اس کے باوجود ضلعی انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کی نگرانی کررہی ہے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شہر میں دودھ،دہی،گوشت اور ڈیری فارم پر اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس چھا پے مارے جارہے ہیں۔گزشتہ ایک ماہ کے دوران تقریباً 272افراد گرفتار اور 100سے ذائد دکانیں سیل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہر میں تجاوزات کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے اس سلسلے میں دکاندار حضرات کو فٹ پاتھوں اور باہر سٹرک پر چیزیں رکھنے سے منع کیا گیا ہے لہذا خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جارہی ہے تاکہ شہریوں کو پیدل چلنے اور ٹریفک کے مسائل پیدا نہ ہو۔