حسین واڈیلہ اور ان کے رفقاء دوران اسیری مشکلات اور مصائب سے گزرہے ہیں،ہمایوں عزیز کرد

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سابق وفاقی وزیر میر ہمایوں عزیز کرد نے مکران اور گوادر میں اپنے آئینی حقوق کیلئے جدوجہد کرنے والے پرامن سیاسی کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ واجہ حسین واڈیلہ اور ان کے پرامن ساتھیوں کی گرفتاریاں، مظاہرین پرتشدد اور انہیں پابند سلاسل کرنے جیسے واقعات صوبے کے پرامن سیاسی کارکنوں کو ان کے آئینی حقوق سے دستبردار نہیں کراسکتے۔ یہ بات گزشتہ روز اسیر بلوچ سیاسی رہنماء واجہ حسین واڈیلہ، عبدالحفیظ کیازئی،شریف میاہ داد،یعقوب جوسکی، وسیم صمدسمیت دیگر سیاسی کارکنوں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سابق وفاقی وزیر میر ہمایوں عزیز کرد نے کہاکہ مکران اور گوادر کے سیاسی کارکنوں نے اپنے حقوق کیلئے جدوجہدمیں مصائب مشکلات اور تکالیف برداشت کرکے صوبے کی سیاسی و جمہوری جدوجہد میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا ہے ان کی جدوجہد بلوچستان کے عام سیاسی کارکنوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ واجہ حسین واڈیلہ اور ان کے رفقاء دوران اسیری جن مشکلات اور مصائب سے گزرہے ہیں ان کی یہ جدوجہد کبھی رائیگا ں نہیں جائیگی بلوچستان کے سیاسی کارکن اپنی آئندہ نسلوں کی بقاء صوبے کو محرومیوں، پسماندگی،ظلم وجبر و، استحصال سے نجات دلانے کیلئے صوبے میں ایک متحدہ جدوجہد کا آغاز کریں۔اس موقع پر انہوں نے واجہ حسین واڈیلا اور ان کے رفقاء کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے