پاکستان پیپلزپارٹی بلا رنگ و نسل انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے،ماہ جبین خالد جمالی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان خواتین ونگ کی نائب صدر و فوکل پرسن ورکرز ویلفیئر بورڈ اسکولز ماہ جبین خالد جمالی نے سیاسی و قبائلی رہنماوں کو پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی بلا رنگ و نسل انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ سیاسی و قبائلی شخصیات پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہورہی ہیں آنے والا دور پاکستان پیپلز پارٹی کا ہی ہے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ماہ جبین خالد جمالی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور عوام کے حقوق کیلئے ہمیشہ جدوجہد کی ہے اوراس راہ میں پارٹی کے قائدین اورسینکڑوں جیالوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے لیکن کبھی بھی عوام کے حقوق پر سودے بازی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اورسابق صدر مملکت آصف علی زرداری شہید ذوالفقار علی بھٹو اورشہید جمہوریت محترمہ بے نظیربھٹو کے وژن کو آگے لیکر چل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی سب سے بڑی سیاسی و جمہوری جماعت ہے یہی وجہ ہے کہ سیاسی و قبائلی شخصیات پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہورہی ہیں۔انہوں نے سابق وفاقی وزیرسردار فتح محمد محمد حسنی،سابق صوبائی وزیرطاہر محمود خان،وزیراعلیٰ کے کوارڈی نیٹرنوابزداہ جمال رئیسانی،قبائلی و سیاسی رہنمامیرمولاداد راہیجہ،میر عمیرمحمدحسنی اوردیگر کو پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انکی شمولیت سے بلوچستان میں پیپلزپارٹی مزید فعال اور منظم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت پاکستان پیپلز پارٹی کا ہی ہے اور پیپلز پارٹی بلوچستان سمیت ملک بھرسے بھاری اکثریت سے کمایابی حاصل کریگی۔