بلوچستان پاکستان پیپلز پارٹی کا گڑھ بن چکا ہے، اگلا وزیراعلیٰ پی پی کاہی ہوگا،سردارسربلند جوگیزئی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان پیپلز پارٹی کا گڑھ بن چکا ہے سیاسی و قبائلی شخصیات کی پارٹی میں شمولیت خوش آئند ہے آنے والے عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی اور وزیراعلیٰ پاکستان پیپلز پارٹی کاہی ہوگا۔ یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی، صوبائی ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن حاجی شریف خان خلجی، ضلعی جنرل سیکرٹری ولی محمد وردگ،نائب صدر ملک اکرم بنگلزئی، پیپلز لیبر بیورو کے صوبائی صدر شاجہان گجر، نواں کلی علاقائی صدر حاجی تیمورو یوسفزئی، جنرل سیکرٹری سردارزادہ بہرام خلجی نے نواں کلی حلقہ پی بی 38میں رابطہ آفس کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس سے قبل سردارسربلند جوگیزئی، حاجی شریف خان خلجی اوردیگر رہنماوں نے باقاعدہ فیتہ کاٹ کر پارٹی کے رابطہ آفس کا افتتاح کیا۔اس موقع پر صوبائی ایگزیکٹیو رکن ارباب اسد کاسی، ضلعی سیکرٹری اطلاعات ظفراللہ پیرزادہ اور کلچر ونگ کوئٹہ ڈویژن جنرل سیکرٹری محیب الرحمان ساحل، ندیم خان، ملک حسیب بنگلزئی، جتک آباد علاقائی صدر میر نجیب جتک، کلی عمر علاقائی صدر عبدالوہاب سلیمانخیل، ہزارہ گنجی علاقائی صدر امرالدین آغا، نواں کلی علاقائی سینئر نائب صدر اسلم ملاخیل، نائب صدر اظہار خان کاکڑ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ماسٹر نسیم خلجی، فنانس سیکرٹری سلطان شاہ، ضلعی آفس سیکرٹری شیر علی ترین، یونٹ عہدیداراں اور دیگر بھی موجود تھے۔مقررین نے کہا کہ بلوچستان میں پاکستان پیپلزپارٹی فعال اور منظم ہے جس کاواضح ثبوت بلوچستان میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کے امیدواروں کی بھاری اکثریت سے کامیابی ہے انشاء اللہ آنے والے عام انتخابات میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی اور بلوچستان کا وزیراعلیٰ پاکستان پیپلز پارٹی کا ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جب بھی برسراقتدار آئی ہے لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے یہی وجہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے دلوں میں بستی ہے بلوچستان سے تعلق رکھنے والی سیاسی و قبائلی شخصیات کی پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت سے پارٹی مزید فعال اور منظم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے جیالے عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور آنے والے انتخابات کی تیاریاں ابھی سے شروع کردیں اورچیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے