گیس، بجلی، پینے کے صاف پانی کی قلت سے شہری ذہنی کوفت کا شکار ہوچکے ہیں ، ڈاکٹر حامد اچکزئی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ صوبائی نااہل حکومت عوام کی خدمت میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، ہر شعبہ زندگی میں عوام کو بدترین اذیت ناک صورتحال سے دوچار کر دیا گیا ہے، گیس، بجلی، پینے کے صاف پانی کی قلت سے شہری ذہنی کوفت کا شکار ہوچکے ہیں، شہری جان ومال کے تحفظ کے سنگین مسئلے سے دوچار ہیں جبکہ حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے تمام ادارے عوام کے سرومال کی تحفظ میں مکمل طو رپر ناکام نظرآرہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، صوبائی سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سردار حیات میرزئی، ملک عمر کاکڑ، دوست محمد لونی،نظام عسکر، ملک نادر نے کچلاغ خان شہید یونٹ اور کچلاغ شار علاقائی یونٹ کے کانفرنسز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ منتخب ایگزیکٹوز سے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری گل خلجی اور معلم سید خان کاکڑ نے حلف لیا۔ کوئٹہ شار سویم علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام پروفسیر فیض محمد روڈ پر پارٹی کے نئے ابتدائی یونٹ کے قیام کے موقع پر صوبائی ڈپٹی سیکرٹری حضرت عمر اچکزئی، علاقائی سیکرٹری فضل ترین نے خطاب کیا۔پشتون آباد علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام دو نئے ابتدائی یونٹس زلاند اور بابا خالد دویم یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا، جس سے علاقائی سیکرٹری جبار ہمدرد، علاقائی سینئر معاون سیکرٹری غلام اولس یار، ابراہیم خان، سعید خان ترین، غلام حیدر اور عبداللہ خاطر نے خطاب کیا۔ عالمو علاقائی یونٹ سے مربوط عالمو اور پشتون درہ ابتدائی یونٹوں کے کانفرنسز سے علاقائی سیکرٹری جمیل خان اچکزئی، علاقائی معاونین محمود افغان، خدائیداد خان، امیر حمزہ نے خطاب کیا اور حلف برداری کی گئی۔ مقررین نے پارٹی کارکنوں کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی ساتویں قومی کانگرس کے کامیاب انعقاد کے بعدپشتونخوا وطن کے ہرعلاقے کے عوام کی پارٹی صفوں میں جوق در جوق شمولیت میں اضافہ ہورہا ہے جوکہ پارٹی چیئرمین محترم محمود خان اچکزئی کے بیانیہ اور پارٹی کی درست قومی سیاست اور پالیسیوں پر مہرتصدیق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی اپنے عوام کے حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کررہی ہے پارٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ پارٹی نے کبھی بھی اپنے عوام کے حقوق پر کسی کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج صوبائی حکومت میں شامل جماعتوں نے پشتونوں کے حقوق سے منہ پھیر کر ذاتی مفادات، کرپشن، کمیشن، اقرباء پروری کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا ہے، عوام کے حقوق اور عوام کی حالت زار سے سلیکٹڈ حکومت کو کوئی سروکارنہیں۔ جبکہ انتخابات میں جذباتی نعروں اور سبز باغ دکھانے میں ماہر افراد نے اقتدار میں شامل رہ صرف مخصوص انفرادی افراد کو نوازنے کیلئے اسکیمات کی تقسیم جاری رکھی ہے عوامی خزانے کی لوٹ کھسوٹ کرکے ان لوگوں کو خوش کیا جارہا ہے جن کے ذریعے عوام کے حق رائے دہندگی پر ڈاکہ ڈالا گیا اور اقتدار حاصل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے کارکنوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ہر علاقے میں عوام کی اجتماعی خدمت کو جاری رکھیں اور عوام کے ہر مسائل کی نشاندہی اور اس کیلئے آواز بلند کرتے ہوئے پارٹی کی جاری قومی، وطنی، سیاسی، جمہوری جدوجہد کو دوام دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے