گوادر شہر امن وامان کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد انٹر نیٹ سروس بحال کر دی گئی ہے،ترجمان حکومت بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)گوادر شہر امن وامان کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد انٹر نیٹ سروس بحال کر دی گئی ہے۔ ترجمان حکومت بلوچستان کے مطابق گوادر میں صورتحال بہتر ہے شہری حکومت کے اقدامات سے مطمئن ہیں امن و امان کی صورتحال کی بہتری کے بعد دس روز کی بندش کے بعد گوادر شہر میں انٹر نیٹ سروس کی بحالی اور دیگر موثر اقدامات جاری ہیں۔ترجمان نے کہا کہ صوبائی حکومت گوادر کے عوام کے مسائل کا ادراک رکھتے ہوئے ترجیحی اقدامات اٹھا رہی ہے حکومت بلوچستان نے گوادر میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد تھری جی اور فور جی انٹر نیٹ سروسز بحال کر دی۔ترجمان نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے گوادر شہر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس عارضی طور پر بند کی گئی تھی گوادر شہر میں کاروباری اور دیگر سرگرمیاں مکمل طور پر بحال ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گودار پورٹ بھی مکمل طور پر فعال ہے پورٹ پر گزشتہ ہفتے سامان سے لدے بحری جہاز لنگر انداز بھی ہوئے۔ ترجمان نے کہا کہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے گوادر شہر میں انٹر نیٹ کی بحالی کا مطالبہ کیا گیا تھاحکومت بلوچستان نے گوادر شہر میں موبائل سروس گزشتہ ہفتے ہی بحال کر دی تھی،ساحلی شہر میں امان و امان کی مکمل بحالی تک انٹرنیٹ سروس کی بندش کو توسیع دی گئی۔ترجمان نے کہا کہ حق دو تحریک کے مسلح مظاہرین کی جانب سے سرکاری دفاتر اور پولیس اہلکاروں پر حملوں کے باوجود حکومت اور پولیس فورس نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیااس امر کو مد نظر رکھا گیا کہ اپنے عوام اور ان کی مشکلات کا فوری ازالہ ممکن بنایا جائے ایسے اقدامات اٹھائے جائیں جس سے نہ تو امن و امان کی صورتحال میں بگاڑ پیدا ہو اور نہ شہریوں کو کسی قسم کا نقصان پہنچے۔ترجمان نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ نے مشتعل گروہ کو کنٹرول کرتے ہوئے گوادر شہر کو بے امنی اور افراتفری سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی اس دوران پولیس اہلکارنے اپنی جان کا نذرانہ بھی پیش کیاحکومت اشتعال پھیلانے والی سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے گوادر کے عوام کے دیرنیہ مسائل کا نکال رہی ہے۔