پشتونخوا وطن کے غیورعوام کی امیدوں پر پورا اترنے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، محمد عیسیٰ روشان

ُپشین(ڈیلی گرین گوادر)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماوں نے کہا ہے کہ پارٹی کی پانچویں تاریخی قومی کانگریس کا کامیابی سے انعقاد اور اس کے تاریخ ساز فیصلے پشتون قومی تحریک کی سیاسی جمہوری جدوجہد کے لئے تقویت کا باعث ہوگی۔پشتونخوا وطن کے غیور عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ہر علاقے کے باشعور عوام ضلعی دفاتر کے ساتھ رابطے قائم کرتے ہوئے پارٹی کو وسیع اور منظم بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ان خیالات کا اظہار پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و نشریات محمد عیسی روشان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ریاض محمود، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سید احسان آغا،ضلعی ڈپٹی سیکرٹری پیر شمس اللہ،علاقائی ایگزیکٹیو پیر حمد اللہ،ڈاکٹر حیات خان اور انور خان نے ضلع پشین کی ضلعی کمیٹی کے توسیع اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ضلعی کمیٹی کے ماہانہ اجلاس میں رپورٹ پیش کی گئی اور قومی کانگریس میں پشین سے سینکڑوں مندوبین اور مبصرین کی شرکت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور پارٹی کی تنظیمی طور پر فعالیت کے لئے مختلف فیصلے کیے گئے۔مقررین نے کہا کہ پشتونخوا وطن کے تمام عوام کو زندگی کے ہر شعبے میں اذیت ناک صورتحال اور بدترین مشکلات کا سامنا ہے بدترین بیروزگاری، مہنگائی، غربت، بھوک و افلاس اور سالہا سال پر مبنی مسافرانہ زندگی نے ہمارے غیور عوام کو ناامید ی اور مایوسی کے دلد ل میں دھکیل دیا ہے جس کی وجہ پشتونخوا وطن کے عوام کی سیاسی، معاشی،ثقافتی اور قومی حقوق و اختیارات سے محرومی ہے اورہر قسم کے معدنی وسائل سے مالا مال وطن کے باسی دو وقت کی روٹی کے لئے مجبور کردئیے گئے ہیں اور یہ سنگین صورتحال ملک کے محکوم اقوام اور مظلوم عوام پر پنجاب کے بالادست قوتوں نے مسلط کررکھی ہے۔جس کے خلاف اور اپنے غیور عوام کی نجات کے لئے قربانیوں سے لبریز متحدہ جدوجہد کے بغیر کوئی چارہ کار نہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے پارٹی فیصلوں پر ہر قسم کے حالات میں عمل درآمد کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو دوبالا کرنا ہوگا اور اپنے آپ کو عوام کے بے لوث خدمت گار ثابت کرنا ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے