پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کا آج یوم پیدائش
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کا آج یوم پیدائش ہے، ذوالفقار علی بھٹو اپنے منفرد انداز، سیاسی تدبر اور فکر انگیز گفتگو کی وجہ سے ملکی تاریخ میں اہم مقام رکھتے ہیں۔
5 جنوری 1928 کو لاڑکانہ میں سر شاہنواز بھٹو کے گھر پیدا ہونے والے ذوالفقار بھٹو نے برکلے یونیورسٹی سے سیاسیات کی تعلیم کے بعد سندھ ہائیکورٹ میں وکالت سے عملی زندگی میں قدم رکھا، سکندر مرزا اور ایوب خان کی کابینہ میں کئی قلمدانوں پر کام کیا، بطور وزیر خارجہ اپنی صلاحیت اور سیاسی تدبر کو منوایا، سلامتی کونسل میں ان کی تقریر اور واک آؤٹ قومی و بین الاقوامی تاریخ کا اہم واقعہ ہے۔
ذوالفقارعلی بھٹو نے 1967 میں پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی جو 1970 کے انتخابات میں مغربی پاکستان میں اکثریتی پارٹی بن کر سامنے آئی، انہوں نے اپنے دورحکومت میں پاکستان کو 1973 کا متفقہ آئین دیا، پاکستان میں اسلامی سربراہی کانفرنس کا انعقاد ممکن بنایا۔
مرحوم نے سانحہ مشرقی پاکستان کے بعد پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیربنانے کیلئے ملک میں ایٹمی پروگرام بھی شروع کیا، ذوالفقار علی بھٹو نے سیاسی جلسوں کو نیا انداز دیا اور ان کے جلسوں میں عوام کھنچے چلے آتے تھے۔1970 کے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات اور امن و امان کی صورت حال کو جواز بنا کر جنرل ضیاء الحق نے مارشل نافذ کیا اور ذوالفقار علی بھٹو کو ایک مقدمہ قتل میں ملوث کر کے سزائے موت دلوائی، 4 اپریل کو ذوالفقار علی بھٹو کو راولپنڈی جیل میں پھانسی دے دی گئی۔