نیشنل پارٹی مقامی ماہی گیروں کے ساتھ ظلم کے خلاف جمہوری طریقے سے احتجاج کرتا آرہا ہے، آدم قادر بخش
گوادر(ڈیلی گرین گوادر) نیشنل پارٹی کے صوبائی ماہی گیر سیکرٹری آدم قادربخش نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ٹرالر مافیا نے بحر بلوچ کو بانجھ بنادیا ہے۔ اس وقت اورماڑہ، شمال بندن، کَلمَت اور کپر سمیت بلوچستان کے زرخیز ساحلی خطے میں ٹرالر مافیا کی جانب سے ممنوعہ اور غیر قانونی جالوں کے استعمال کے ذریعے سمندری مخلوق کی نسل کشی بڑی بے دردی کے ساتھ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ساحلی بیلٹ میں بسنے والے لاکھوں افراد کا واحد ذریعہ معاش بحر بلوچ سے منسلک ہے مگر ٹرالر مافیا نے اس زرخیز سمَنْدر کو بانجھ بنادیا ہے کیونکہ ٹرالر مافیا ایسے جالوں کا استعمال کرتے ہیں جن کی نہ صرف بین الاقوامی دنیا میں ممانعت ہے بلکہ بلوچستان فشریز آرڈینس ایکٹ کے تحت بھی ان جالوں پر پابندی ہے جبکہ فشریز ایکٹ کے مطابق ساحل سے بارہ نانٹیکل میل میں ہر قسم کی شکار کی ممانعت ہے جبکہ سندھ کے یہ ٹرالر ساحل کے عین کنارے آکر غیرقانونی طریقے سے بلوچستان کے ساحل کو بانجھ بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے ہیں۔ نیشنل پارٹی مقامی ماہی گیروں کے ساتھ ظلم کے خلاف کل بھی جمہوری طریقے سے احتجاج کرتا آرہا ہے اور ابھی ماہی گیروں پر ظلم کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنے گی۔