جلد ہی صوبہ کے تمام گرڈاسٹیشنز میں اے ایم آئی میٹرزکی تنصیب کاعمل مکمل کیاجائے گا،انجینئر عبدالکریم جمالی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے چیف ایگزیکٹوآفیسرانجینئر عبدالکریم جمالی نے کہاہے کہ وفاقی حکومت کے ہدایات کی روشنی میں کیسکو کے زیر انتظام تمام علاقوں میں ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر(اے ایم آئی) میٹروں کی تنصیب کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے کیسکوہیڈکوارٹرمیں قائم ایڈوانسڈ میڑنگ انفراسٹرکچر (اے ایم آئی) سیل کے افتتاح کے موقع پر افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کیسکوکے چیف انجینئر(، چیف انجینئر کسٹمرسروسز) ہاشم جوگیزئی، چیف انجینئر (اواینڈ ایم) محمداقبال بڑیچ، چیف انجینئر(ٹیکنکل)شفقت علی، چیف انجینئر(ٹی اینڈجی) سمیع اللہ، چیف انجینئر(آپریشن)ڈائریکٹر شوکت علی جوگیزئی،منیجر ایم آئی ایس عمران خان جوگیزئی، پراجیکٹ ڈائریکٹر کنسٹرکشن کلیم اللہ جوگیزئی سمیت کیسکوکے دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

افتتاح کے موقع پر چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکونے کہاکہ ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر(AMI) سمارٹ میٹرز کی تنصیب ایک صارف دوست فیصلہ ہے جس سے صارفین مختلف سہولیات سے مستفید ہوسکتے ہیں اورکیسکو اپنے صارفین کو بہتر سروس کی فراہمی کیلئے تمام انڈسٹریل اور زرعی میٹرز اپنے وسائل سے مرحلہ وار تبدیل کرے گا۔۔عبدالکریم جمالی نے کہا کہ اس منصوبہ کی تنصیب کے بعد میٹر میں ہونے والی خرابی کی فوری نشاندہی ممکن ہو جائے گی اور کنٹرول سینٹر کو بھی پیغام موصول ہو جائے گا۔ جس پر فوری طور پر عملہ کاروائی کرکے شکایات کا بروقت ازالہ کرے گا اورسو فیصد درست بلنگ یقینی ہوجائے گی کیونکہ یہ میٹر رئیل ٹائم ڈیٹا، کنٹرول سینٹر کو مختصر وقفوں سے مسلسل ارسال کرتے رہیں گے۔ کیسکو چیف نے کہا کہ بجلی کا استعمال اور ریڈنگ موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے صارفین بھی وصول کرسکیں گے جس سے وہ اپنے بجلی کے استعمال کی مانیٹرنگ اور منصوبہ بندی کر سکیں گے۔علاوہ ازیں بلنگ سائیکل کی تبدیلی ان سمارٹ میٹرز کی بدولت بہت سہل ہو جائے گی۔ اس کیٹیگری یا ٹیرف کے صارفین کا بلنگ کا دورانیہ اور ریڈنگ کی تاریخ بآسانی تبدیل کی جاسکے گی۔انھوں نے مزید کہا کہ پیک اور آف پیک آورز کے بجلی کے نرخوں میں فرق کے مطابق بجلی کے استعمال سے بلوں میں واضح کمی لائی جاسکتی ہے جس میں سمارٹ میٹرز مدگار ثابت ہوں گے۔ عبدالکریم جمالی نے کہا کہ اے ایم آئی کے تحت سو فیصد درست میٹر ریڈنگ اور صارفین کے اعتماد اور اطمینان کا حصول ممکن ہوگا اورمیٹر ریڈنگ کی لاگت میں نمایاں کمی آئے گی۔اسکے ساتھ ساتھ بجلی کی چوری کی بروقت نشاندہی اور اس پر موثر کارروائی ہوسکے گی اوربجلی کی طلب و رسد کی مانیٹرنگ اور مستقبل کی منصوبہ بندی میں سہولت میسر ہوگی۔

قبل ازیں ایڈیشنل منیجر(ایم آئی ایس) کیسکوعمران خان جوگیزئی نے اے ایم آئی میٹروں کی تنصیب کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ اس وقت مختلف گرڈاسٹیشنوں میں 190فیڈروں پر اے ایم آئی میٹرزنصب کئے جاچکے ہیں اس کے علاوہ مختلف علاقوں میں بھی 49بڑے انڈسٹریل صارفین کے میٹروں کو بھی اے ایم آئی میں تبدیل کردئیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ اس منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور جلد ہی صوبہ کے تمام گرڈاسٹیشنز میں اے ایم آئی میٹرزکی تنصیب کاعمل مکمل کیاجائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے