بلوچستان کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، خلیل جارج

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) مشیر برائے اقلیتی امور خلیل جارج اور سیکرٹری ظفربلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اگرانہیں مناسب مواقع فراہم کئے جائیں یہ پاکستان اور بیرون ممالک پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں،مارچ میں کوئٹہ میں آل پاکستان مینارٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے کرسمس کے موقع پرمنعقدہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کے موقع پرکھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے کھلاڑی کسی بھی صوبے کے کھلاڑیوں سے کم نہیں ہیں اگر بلوچستان کے کھلاڑیوں کو بہترین کھیلوں کے مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک بھی پاکستان کانام روشن کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں جہاں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں ہمیں چاہئے کہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ کھیلوں کے مواقع فراہم کریں تاکہ وہ سماجی برائیوں سے دور رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر اپنی مددآپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقادکامقصدبھی یہی تھا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا لواہا منوانے کاموقع دیا جاسکے اور ٹورنامنٹ کے دوران بلوچستان کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا جس پر وہ مبارکبادکے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم مارچ میں کوئٹہ میں آل پاکستان مینارٹی کرکٹ تورنامنٹ کاانعقاد کرائیں گے جس میں چاروں صوبوں سے ٹیمیں حصہ لیں گی اور ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز 23مارچ کو رنگا رنگ تقریب سے کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کھیل میں ہار جیت ہوتی ہے ہارنے والی ٹیم کو مایوس نہیں ہونا چاہئے بلکہ پہلے سے زیاد ہ جوش اور ولولے کے ساتھ آگے بڑھنا چاہئے۔تقریب کے اختتام پر مشیر برائے اقلیتی امورخلیل جارج اورسیکرٹری نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے