شہر میں بلڈنگ کوڈ کے خلاف غیر قانونی تعمیرات کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی، کمشنر کوئٹہ ڈویژن

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ کی زیر صدارت اربن پلاننگ اینڈ ڈیزائننگ کمیٹی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پشین ڈاکٹر یاسر بازئی،اسسٹنٹ کمشنر پولیٹیکل کوئٹہ ڈویژن با بر خان،اسسٹنٹ کمشنر سٹی عطاء المنیم،اسسٹنٹ کمشنر کچلاک وقار کاکڑ،اسسٹنٹ کمشنر سریاب نثار احمد لانگو اور اسسٹنٹ کمشنر صدر کیپٹن (ر) حسیب کے علاؤہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور ڈسٹرکٹ کونسل کے افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی جانب سے رپورٹ پیش نہ کرنے اور بغیر تیاری اجلاس میں شرکت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں آئندہ اجلاس میں مکمل رپورٹ اور تیاری کی ہدایت کی انہوں نے کہاکہ شہر کی بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے شہر میں بلڈنگ کوڈ کے خلاف غیر قانونی تعمیرات کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔بغیر این او سی تعمیرات کے خلاف کارروائی کو مزید تیز اور موثر بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں۔شہر میں صفائی کی صورتحال،ٹریفک کے نظام کی بہتری،بلڈنگ کوڈ پر عمل درآمد اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے متعلقہ احکام کو ہدایت کی کہ بلڈنگ کوڈ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دو روز میں ایف آئی آر درج کئے جائیں تاکہ غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ بند ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ غیر قانونی پارکنگ اور موٹر سائیکل اسٹنڈز کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کے مسائل درپیش ہیں لہذا شہر بھر میں غیر قانونی پارکنگ اور موٹر سائیکل اسٹنڈز کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن شہر میں قائم تمام قانونی پارکنگ اور موٹر سائیکل اسٹنڈز کے حوالے سے مکمل رپورٹ پیش کرے۔کمشنر کوئٹہ ڈویڑن نے سرکلر روڈ پارکنگ پلازہ کے حوالے سے متعلقہ احکام سے سہولیات سمیت تمام معمولات کے بارے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے مرکز میں قائم پارکنگ پلازہ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے بنائی گئی ہے لہذا اسے مکمل طور پر فعال اور عوام کو پارکنگ کی سہولت فراہم کیا جائے۔تاکہ شہر کی شاہراہوں پر رش اور ٹریفک جام کا مسلہ پیدا نہ ہو۔انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور ڈسٹرکٹ کونسل کی نشاندہی پر غیر قانونی تعمیرات،بغیراین او سی اور بلڈنگ کوڈ کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے کام بند اور عمارت سیل کررہی ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں بلڈنگ کوڈ اور بغیر این او سی تعمیرات کے خلاف کارروائی میں اب تک 18سے زائد عمارتیں سیل اور کام بند کروایا گیا ہے کمشنر کویٹہ ڈویڑن سہیل الرحمن بلوچ نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی جانب سے بلڈنگ کوڈ کے حوالے سے اجلاس منعقد نہ کرنے پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے