پی ٹی آئی نے معیشت تباہ کی، کوئی وائٹ پیپر آپ کے کالے کرتوت سفید نہیں کر سکتا، مریم اورنگزیب

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو تباہ کرنے والوں نے آج وائٹ پیپر جاری کیا ہے، کوئی وائٹ پیپر آپ کے کالے کرتوت سفید نہیں کر سکتا۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے خطاب پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اور معیشت کو تباہ کرنے والوں نے آج وائٹ پیپر جاری کر دیا ہے، کالے ذہن، کالے کرتوت اور کالا جادو کرنے والے مسٹر اینڈ مسز نے ملک کو معاشی دیوالیہ ہونے کی نہج پر پہنچایا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ انہیں وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے شرم تک نہیں آئی، 2013ء سے 2018ء تک پاکستان معاشی طور پر ترقی کر رہا تھا، ان لوگوں نے ترقی کرتے ہوئے پاکستان کو اجاڑ کر رکھ دیا، ملک میں مہنگائی کی شرح تاریخ میں کم ترین سطح پر تھی، انہوں نے ملکی معیشت کو تباہ کیا، وائٹ پیپر میں انہیں عوام سے معافی مانگنی چاہئے تھی۔وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 2013ء سے 2018ء تک کا وائٹ پیپر پاکستان کے عوام کو دینا چاہئے تھا کہ پی ٹی آئی کو کس طرح کا ملک ملا تھا، کوئی وائٹ پیپر ان کی دی ہوئی معاشی تباہی کو سفید نہیں کر سکتا، کوئی وائٹ پیپر ان کی کرپشن، چوری اور معاشی تباہی کو سفید نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت 2018ء میں 6.1 فیصد پر ترقی کرتا ہوا ملک چھوڑ کر گئی تھی، ملک میں سی پیک کے منصوبے کامیابی سے چل رہے تھے، 14 ہزار میگاواٹ بجلی انہیں بنا کر دے کر گئے تھے، مہنگائی کی شرح 3.8 فیصد تھی، دہشت گردی کی کمر توڑ کر پاکستان کو پرامن، خوشحال اور ترقی کرتا ہوا ملک چھوڑ کر گئے تھے، تمام عالمی جریدے پاکستان کی معیشت کو بہتر قرار دے رہے تھے۔میڈیا سے گفتگو میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ وائٹ پیپر میں درج کرنا پڑے گا کہ 4 برسوں میں آپ نے کشمیر کا سودا کیا، ہنستے، بستے ملک کو آپ نے اجاڑا، معاشی تباہی 6 ماہ میں نہیں گزشتہ 4 برسوں میں آئی، کوئی وائٹ پیپرآپ کی معاشی تباہی کوسفید نہیں کرسکتا۔

وفاقی وزیراطلاعات ونشریات نے کہا کہ وائٹ پیپرجاری کر کے آپ عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے، پنجاب، خیبرپختونخوا میں آٹا آج بلیک میں مل رہا ہے، دہشت گردی خیبرپختونخوا میں سر اٹھا رہی ہے، آڈیو لیکس آپ کے خلاف ثبوت ہے، ان پر بھی وائٹ پیپر جاری کریں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ اپنے اقتدار کے 4 سال پر وائٹ پیپر جاری کریں، توشہ خانہ کی چوریوں کو وائٹ پیپرمیں لکھیں، یہ وائٹ پیپر نہیں یہ آپ کا کالا اعمال نامہ ہے، ہماری حکومت کی سمت درست ہے، تماشے بند کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے