عمران خان پر قاتلانہ حملے کی فرانزک رپورٹ منظر عام پر آگئی
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر لانگ مارچ کے موقع پر وزیرآباد میں ہونے والے قاتلانہ حملے کی فرانزک رپورٹ منظر عام پر آگئی۔رپورٹ کے مطابق حملے میں سابق وزیراعظم عمران خان کو گولیوں کے 3 ٹکڑے اور ایک دھاتی ٹکڑا لگا۔ چیئرمین تحریک انصاف جس ٹرک پر سوار تھے اس کی بائیں سائیڈ سے فائرکیے گئے۔
جائے وقوعہ سے ملنے والے 10 خول پنجاب فرانزک لیب کو بھجوائے گئے۔ جناح اسپتال کے میڈیکولیگل نے رپورٹ بھی فرانزک لیب کوبھجوائی تھی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فرانزک سائنس لیبارٹری کو مجموعی طور پر 33 شواہد بھجوائے گئے تھے۔ شواہد، سی سی پی او آفس لاہور، ڈی پی او وزیر آباد کی طرف سے بھجوائے گئے۔
حملے میں جاں بحق تحریک انصاف کے کارکن معظم گوندل کی پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی منظرعام پر آگئی۔رپورٹ کے مطابق معظم گوندل کے سر کے پیچھے گولی لگی جو ماتھے سے باہر نکلی۔ معظم پر گولی اونچائی سے فائر ہوئی جس سے اس کی موت واقع ہوئی۔