بے گناہ لوگوں کو فوری رہا کریں،بلوچستان ہائی کورٹ کا ڈپٹی کمشنر چاغی کو حکم

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) عدالتِ عالیہ بلوچستان نے ڈپٹی کمشنر کو حکم دیا کہ بے گناہ لوگوں کو فوری رہا کریں۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان ہائی کورٹ میں بی اے پی کے رہنماء حاجی احمد شاہ کی 3 ایم پی او کے تحت گرفتاری کے معاملے میں حاجی احمد شاہ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔جسٹس ہاشم کاکڑ اور جسٹس شوکت علی رخشانی پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے درخواست پرسماعت کی۔ڈپٹی کمشنرچاغی حسین جان عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران عدالت نے 3 ایم پی او اور 16 ایم پی او کے تحت گرفتاریوں پربرہمی کا اظہارکیا۔ جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ آپ ڈپٹی کمشنراس لیے بنے ہیں کہ لوگوں کو بند کرتے پھریں۔عدالت نے استفسار کیا کہ کتنے لوگوں کو ایم پی او ایکٹ کے تحت گرفتارکیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر چاغی حسین جان نے عدالت میں بیان دیا کہ 12 لوگ حراست میں ہیں جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ آدھا بلوچستان ڈپٹی کمشنرز نے بند کر رکھا ہے۔عدالت عالیہ نے ڈپٹی کمشنرچاغی کو حکم دیا کہ بے گناہ لوگوں کو فوری رہا کریں۔بلوچستان ہائی کورٹ نے ایڈوکیٹ جنرل کو سب ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ لکھنے کا حکم دیا۔

درخواست گزار کے مقدمے کی پیروی محمد ارشد ایڈوکیٹ نے کی جب کہ حکومت کی طرف سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل ظہور بلوچ عدالت میں پیش ہوئے۔بلوچستان ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر چاغی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے